گوشوارے جمع نہ کرانے پر رکنیت معطلی کے باوجود وفاقی وزراء عہدوں پر برقرار
اسلام آباد (آن لائن) الیکشن کمشن آف پاکستان کا انوکھا قانون ، ایوان بالا اور زیریں کی رکنیت معطل ہونے کے باوجود بھی وفاقی وزراء اور ارکان اسمبلی اپنے اختیارات کا استعمال کر سکتے ہیں۔ الیکشن کمشن کے ذرائع کے مطابق اثاثوں کی تفصیلات جمع نہ کرانے پر الیکشن کمشن کی جانب سے وفاقی وزراء سمیت 272 سے زائد ارکان اسمبلی کی رکنیت معطل کر دی گئی تھی جن میں سینٹ، قومی اسمبلی اورچاروں صوبائی اسمبلیوں کے ارکان شامل تھے۔ ذرائع نے بتایا کہ الیکشن کمشن کے قانون کے مطابق وفاقی وزراء سمیت تمام ارکان معطل ہونے کے باوجود اپنے اختیارات کا استعمال کر سکتے ہیں اور اثاثوں کی تفصیلات جمع کرانے کے بعد انکی معطل کی گئی رکنیت بحال کر دی جائے گی۔ واضح رہے کہ الیکشن کمشن کی جانب سے وزیر مملکت برائے مذہبی امور پیر امین الحسنات، وفاقی وزیرمذہبی امور سردار یوسف ،وزیر تجارت خرم دستگیر، اسلامی نظریاتی کونسل کے چئیرمین مولانا طاہر شیرانی اور دیگر ارکین پارلیمنٹ شامل ہیں جبکہ وفاقی وزراء تاحال اپنی وزراتوں پر براجمان ہیں۔