”نائن الیون حملوں کے بش بھی ذمہ دار“بیان سے ٹرمپ کی ساکھ متاثر ہو گی‘ جیب کا شدید ردعمل
واشنگٹن (رائٹرز) ری پبلکن پارٹی کے امریکی صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے سابق صدر بش پر نائن الیون حملوں کی ذمہ داری عائد کئے جانے کے بعد ری پبلکن پارٹی کے ہی دوسرے صدارتی امیدوار جیب بش نے اپنے بھائی کا دفاع کرنے کے ساتھ ٹرمپ پر بھی شدید تنقید کی ہے۔ اس طرح ایک ہی پارٹی کے دونوں صدارتی امیدواروں کے درمیان بیان بازی کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ جیب بش نے سی این این کے پروگرام میں کہا میرے بھائی نے اس بحران پر ایسے ردعمل کا اظہار کیا جیسے آپ چاہتے کہ کسی امریکی صدر کو کرنا چاہیے تھا۔ انہوں نے کہا ٹرمپ کے اس بیان سے ان کی ساکھ پر سوالیہ نشان کھڑا ہو گیا ہے۔ وہ معاملات پر ایسے گفتگو کرتے ہیں جیسے وہ اب تک ٹی وی شو ”دی اپرینٹس“ میں ہی موجود ہیں۔ دوسری طرف ٹرمپ نے ”فاکس نیوز سنڈے“ میں بات کرتے ہوئے کہا جیب نے کہا کہ ان کے بھائی نے ہمیں محفوظ رکھا ہے۔ ہم تو محفوظ رہے مگر ورلڈ ٹریڈ سنٹر تباہ ہو گیا۔ میں جارج بش کو الزام نہیں دیتا مگر جیب بش کا کہنا کہ اس کے بھائی نے ہمیں محفوظ بنایا‘ مناسب نہیں کیونکہ نائن الیون امریکہ کی تاریخ کا بدترین دن تھا۔
ٹرمپ/ جیب