عوام ووٹ کی طاقت سے کراچی تباہ کرنے والوں کا احتساب کرینگے: سراج الحق
کراچی (نیوز رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ) امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ ووٹ کی طاقت ایٹم بم سے زیادہ ہے۔ عوام ووٹ کی طاقت سے کراچی کو تباہ و برباد کرنے والوں کا احتساب کریں۔ کراچی کے عوام جماعت اسلامی پر اعتماد کر کے شہر ہی نہیں ملک کی تبدیل بھی بدل سکتے ہیں، 3دسمبر کے بعد کراچی کی رونقیں ایک بار پھر بحال ہوں گی۔ کراچی کو لندن میں بیٹھ کر ریموٹ کنٹرول سے چلانے کی کوشش کی گئی مگر اب یہ اختیار عوام کے ہاتھوں میں ہوگا۔عوام ساتھ دیں تو کراچی کو دنیا کیلئے ایک ماڈ ل سٹی بنائیں گے۔ بلدیاتی انتخابات کراچی آپریشن کی شفافیت کا امتحان ہوں گے۔ عوام کا حق ہے کہ کراچی میں آزادانہ اور شفاف انتخابات کا انعقاد یقینی بنایا جائے۔ جماعت اسلامی اقتدار میں آکر ہر مظلوم کو انصاف دلانے کیلئے سرکاری طور پر وکیل فراہم کریگی۔ دل، گردہ، تھیلے سیمیا،یرقان اور کینسر کی بیماری کا مفت علاج کیا جائیگا۔ میٹرک تک تعلیم مفت ہوگی اور ملک بھر میں یکساں نظام تعلیم رائج کیا جائیگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی کراچی کے تحت بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں کے سلسلے میں نیو ایم اے جناح روڈ بالمقابل اسلامیہ کالج پر بلدیاتی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سراج الحق نے کہا کہ دہشت گردی، بھتہ خوری اور قتل و غارت گری کیخلاف لڑنے کا اعلان کرنے والوں کو سلام پیش کرتا ہوں۔ یہ شہر ہجرت کرنے والوں کا شہرہے اسلئے ہم کو اسکے درو دیوار سے محبت ہے۔ عوام کے پاس کراچی کے مستقبل کو بہتر بنانے کیلئے بلدیاتی انتخابات ایک سنہری موقع ہے۔ عوام ووٹ کی طاقت سے دہشت گردوں اور بھتہ خوروں کو مسترد کردیں اور جماعت اسلامی کو کامیاب بنائیں۔ علاوہ ازیں سراج الحق سے پی آئی اے ریٹائرڈ ایمپلائز ایسوسی ایشن کے وفد نے ادارۂ نور حق میں ملاقات کی۔ سراج الحق نے کہا کہ ہماری حمایت آپکے ساتھ ہے۔ جماعت اسلامی پنشن میں اضافے کیلئے سینٹ میں بھی آواز اٹھائے گی۔ پی آئی اے میں پنشن فنڈ کے نام سے 30 سے 35 ارب روپے موجود ہیں۔اس کے باوجود پنشن میں اضافہ نہیں کیا جا رہا ہے۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ ریٹائرمنٹ ملازمین کی پنشن میں کم از کم تین گناہ اضافہ کیا جائے۔