بجلی کی لوڈ شیڈنگ میں اضافہ، عوام کو مشکلات، لاہور سمیت کئی شہروں میں مظاہرے
لاہور/اسلام آباد (آئی این پی + نامہ نگاران) حکومت کے تمام تر دعووں کے باوجود ملک بھر میں بجلی کی لوڈشیڈنگ میں اضافہ ہوگیا، لاہور سمیت کئی شہروں میں لوگوں نے غیر اعلانیہ طویل لوڈشیڈ نگ کے خلاف احتجاجی مظاہرے کئے اور وزیر اعظم نوازشریف سے لوڈشیڈنگ کا سخت نوٹس لینے اور اسکے خاتمے کا مطالبہ کرتے رہے۔ تفصیلات کے مطابق اتوار کی تعطیل کے باوجود لاہور سمیت پنجاب کے دیگر شہروں میں بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ جاری رہی جس کی وجہ سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور وہ سراپا احتجاج بنے رہے۔ دوسری طرف سردیوں سے قبل ہی گیس کی طویل بندش بھی جاری رہی جس پر شہری سراپا احتجاج بن گئے۔ کئی علاقوں میں پانی کی بھی قلت رہی۔ فیصل آباد اور حافظ آباد میں بجلی کی بدترین لوڈشیڈ نگ کی وجہ سے کاروباری طبقہ بھی متاثر ہورہا ہے۔ بجلی کی لوڈشیڈنگ کے خلاف لاہور‘ فیصل آباد اور حافظ آباد میں عوام کی جانب سے احتجاجی مظاہرے کیے گئے جن میں مظاہرین نے حکومت کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ لوڈشیڈنگ کو فوری ختم کیا جائے۔ بھلوال سے نامہ نگار کے مطابق لوڈشیڈنگ کے دورانیہ میں اضافہ کے باعث بلدیاتی امیدوار مشکلات کا شکار ہوگئے ہیں اور انہیں اپنی انتخابی مہم چلانے میں سخت مشکلات کا سامنا ہے۔ مسلم لیگ ن کے ٹکٹ ہولڈر امیدوار انتخابی مہم کے دوران جب بھی ووٹروں کے پاس جاتے ہیں، موضوع بحث لوڈشیڈنگ بن جاتی ہے۔ یاد رہے کہ بھلوال میں کئی گھنٹے غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔کراچی سے سٹاف رپورٹر کے مطابق لیاری میں بجلی کی طویل بندش پر تحریک انصاف نے کے الیکٹرک کیخلاف کراچی پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرے کی قیادت رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان کررہے تھے۔ مظاہرین میں میں علاقہ مکینوں کی کثیر تعداد شریک تھی جن میں خواتین و بچے بھی شامل تھے۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز، پلے کارڈ اور پی ٹی آئی کے پرچم اٹھائے ہوئے تھے۔