مسلم لیگ ہم خیال گروپ کے صدر سلیم سیف اللہ کا تحریک انصاف میں شمولیت کا فیصلہ
اسلام آباد (آن لائن) مسلم لیگ ہم خیال گروپ کے صدر سابق سینیٹر سلیم سیف اللہ خان نے پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا فیصلہ کر لیا ہے اورآئندہ چند روز میں عمران خان سے ملاقات کے بعد باقاعدہ پریس کانفرنس میں شمولیت کا اعلان کریں گے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق سلیم سیف اللہ کے پاکستان تحریک انصاف سے معاملات طے پا گئے ہیں۔ سلیم سیف اللہ خان کا تعلق خیبر پی کے کے علاقے لکی مروت سے ہے۔ خیبر پی کے حکومت میں وزیر خزانہ بھی رہ چکے ہیں اور 1993ء میں صوبائی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف بھی رہے ہیں۔ سلیم سیف اللہ 12دسمبر 2014ء کو ٹینس فیڈریشن کے صدر بھی منتخب ہوئے ہیں۔