اسلام آباد پولیس نے6سال پہلے وفات پا جانے والے شخص کیخلاف مقدمہ درج کر لیا
اسلام آباد (آن لائن) اب صرف زندہ ہی نہیں مردہ افراد پر بھی قانون کا شکنجہ تنگ ہونے لگا۔ اسلام آباد پو لیس نے 6 سال پہلے وفات پانے والے شخص مکھن خان کے خلاف ایف آئی آر کاٹ دی اور وہ بھی مبینہ قبضہ گروپ کی درخواست پر۔ 7 کنال زمین کا تنازع ہے اور یہ اراضی اسلام آباد کی ایک بڑی رہائشی سکیم کے ساتھ ہے۔ زمین کی مالکہ امتیاز بی بی کہتی ہیں کہ قبضہ گروپ نے ان کی زمین ہتھیانے کے لیے 2 بیٹوں کو اغوا کر لیا ہے اور ان پر جھوٹا مقدمہ بھی درج کرا دیا ہے۔ پولیس نے مبینہ قبضہ گروپ کی درخواست پر جو ایف آئی آر درج کی اس میں 6 سال پہلے فوت ہونے والے مکھن خان پر بھی مسلح ہو کر حملہ کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ایس ایچ او تھانہ سہالہ منیر احمد کا کہنا ہے کہ امتیاز بی بی کے خلاف درج کرائی گئی ایف آئی آر پر تفتیش کریں گے ، اگر مکھن خان زندہ نہ ہوا تو ایف آئی آر خارج کر دیں گے۔ مبینہ قبضہ گروپ کے خلاف بھی رپورٹ درج کی گئی ہے۔