سول ایوی ایشن اور پالپا کے درمیان ہونیوالا سمجھوتہ کھٹائی میں پڑ گیا
اسلام آباد (جاوید صدیق) ایوی ایشن ڈویژن اور پی آئی اے کے پائلٹوں کی تنظیم پالپا کے درمیان ہونے والا سمجھوتہ کھٹائی میں پڑ گیا ہے۔ نوائے وقت کو معتبر ذرائع نے بتایا ایوی ایشن ڈویژن اور پائلٹوں کی ایسوسی ایشن کے درمیان ہونے والے سمجھوتے میں طے ہوا تھا پالپا نے پائلٹوں کی بین الاقوامی تنظیم ایفالپا IFALPA کو ای میل بھیجے تھے جس میں پاکستان کی سول ایوی ایشن کے بارے میں لکھا گیا تھا سول ایوی ایشن کی نااہلی کی وجہ سے پاکستان کی ائربیس ہوا بازی کے لئے غیر محفوظ ہو گئی ہے۔ ایک اور ای میل میں یہ لکھا گیا موجودہ حکومت پی آئی اے کو اونے پونے داموں فروخت کرنا چاہتی ہے۔ ایک ای میل میں یہ لکھا گیا تھا ایوی ایشن ڈویژن کے سربراہ شجاعت عظیم کے خلاف عدالت میں مقدمہ چل رہا ہے اس طرح ای میل پیغامات پر پائلٹوں کی ایسوسی ایشن اور ایوی ایشن ڈویژن کے درمیان مذاکرات میں ایوی ایشن ڈویژن نے تحفظات کا اظہار کیا تھا اور مطالبہ کیا تھا ان ای میل پیغامات پر ایسوسی ایشن معافی مانگے لیکن ابھی تک پائلٹ ایسوسی ایشن نے کوئی معذرت نہیں کی۔ حکومت نے ایوی ایشن ڈویژن کی طرف سے جو مشورہ پالپا کو دیا گیا تھا اس پر ابھی تک دستخط نہیں کئے گئے اور وہ واپس نہیں کیا گیا۔