محرم میں فساد کیلئے کوشاں قوتوں کو ناکام بنانا ہوگا: طاہر اشرفی
لاہور (خصوصی نامہ نگار) محرم الحرام کے دوران باہمی اتحاد سے فساد اور تصادم کروانے والی قوتوں کو ناکام بنانا ہو گا ۔ آج پورے عالم اسلام میں اضطرابی کیفیت اتحاد نہ ہونے کی وجہ سے ہے ۔ اسلام کا دہشت گردی اور انتہاءپسندی سے کوئی تعلق نہیں ہے ۔ تمام مکاتب فکر کو اپنا مسلک چھوڑو نہیں ، دوسرے کے مسلک کو چھیڑو نہیں کے ضابطے پر عمل کرنا ہوگا۔ یہ بات پاکستان علماءکونسل لاہور کے زیر اہتمام ”فاروق ؓ و حسینؓ امن کانفرنس“ سے خطاب کرتے ہوئے حافظ طاہر اشرفی و دیگر نے کہی۔ انہوںنے کہا کہ امن پوری دنیا کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان کو امریکی صدر کے سامنے پاکستانی قوم کا موقف واضح طور پر رکھنا چاہیے ۔ ہم بھارتی جارحیت اور افغانستان کی طرف سے پاکستان کے خلاف بلا جواز الزام تراشیوں کے خلاف وزیر اعظم کی مکمل تائید کرتے ہیں۔ کانفرنس سے صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی، مولانا محمد مشتاق لاہوری اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔