لاہور کی انسداد دہشتگردی کی عدالت نے خاتون سمیت اغوا برائے تاوان کے تین ملزمان کو دو مرتبہ عمر قید اور جائیداد ضبط کرنے کی سزا سنا دی
اغوا برائے تاوان کے ملزمان پرویز، نعیم اور مقصوداں بی بی پر اڑھائی سالہ ابوذر کو تاوان کے لیے اغوا کرنے کے الزام کا سامنا تھا جبکہ لاہور کے تھانہ فیکٹری ایریا میں ملزمان کے خلاف اڑھائی سالہ ابوذر کے اغوا برائے تاوان کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ فریقین کے وکلاء اور استغاثہ کے دلائل کی روشنی میں لاہور کی مقامی عدالت کے جج ملک رفیق نے ملزمان پرویز، نعیم اور مقصودان بی بی کو الزام ثابت ہونے پر دو بار عمر قید کی سزاسنا دی ۔عدالت نے تینوں مجرموں کی جائیداد ضبط کرنے کے بھی احکامات صادر کر دئیے۔ رواں سال مارچ میں تینوں ملزمان نے ابوذر کو اغواء کرکے دولاکھ روپے تاوان بھی لیا تاہم پولیس نے ملزمان کو گرفتار کرلیا تھا۔