کورونا وائرس ،راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں سمارٹ لاک ڈائون کا آغاز

راو لپنڈی کے مختلف علاقوں میں جمعرات سے سمارٹ لاک ڈائون کاآغاز ہو گیا جو 28 نومبر تک جاری رہے گا۔وزارت صحت پنجاب کی جانب سے جاری حکم نامے کے مطابق راولپنڈی کے سیکٹر سی فیز ون ڈی ایچ اے، گلشن آباد اسٹریٹ نمبر 10، علامہ اقبال اسٹریٹ مسلم ٹائون میں سمارٹ لاک ڈائون لگا دیا گیا۔ان علاقوں میں بازار، شاپنگ مالز، ریسٹورنٹس اور سرکاری و نجی دفاتر بند رہیں گے تاہم طبی مراکز، ہسپتال اور میڈیکل سٹورز کھلے رہیں گے۔ اس دوران علاقہ مکینوں کی نقل و حرکت محدود ہوگی۔ انتہائی ضرورت کے پیش نظر ایک فرد ایک سواری استعمال کرسکے گا۔ ہر قسم کے اجتماعات پر مکمل پابندی ہوگی۔سمارٹ لاک ڈائون میں دودھ کی دکانیں، چکن اور گوشت، مچھلی کی شاپس اور بیکریاں صبح 7 سے شام 7 بجے تک کھلی رہیں گی۔ گروسری اسٹورز، جنرل اسٹورز، آٹا چکیاں، فروٹ، سبزی کی دوکانیں، تندور اور پیڑول پمپس 9 بجے سے شام 7 بجے تک کھل سکیں گی۔