عارف والا، گھوٹکی، مظفر گڑھ میں ٹریفک حادثات، 17 افراد جاں بحق،23زخمی

عارف والا،مظفر گڑھ اور گھوٹکی میں پیش آنے والے ٹریفک حادثات میں 17افراد جاں بحق اور 23 متعدد زخمی ہو گئے، زخمیوں کو مختلف ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا ،کئی گھرں میں صف ماتم بچھ گئی۔تفصیلات کے مطابق پنجاب کے ضلع پاکپتن کی تحصیل عارف والا کے چک 17 ای بی کے قریب ٹریفک حادثے میں 9افراد جاں بحق اور 9 زخمی ہو گئے جن میں 3کی حالت تشویشناک ہے ۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق کوسٹر اور منی ٹرک کے درمیان تصادم ہوا ہے ،جاں بحق افراد کی لاشوں اور زخمیوں کو مقامی ہسپتا ل منتقل کیا گیا ۔ادھرپنجاب ہی کے شہر مظفر گڑھ میں لوڈر گاڑی، مسافر وین اور موٹر سائیکل میں ٹکر ہو گئی، اس حادثے میں 5 افراد جاں بحق اور 4 زخمی ہو گئے۔ریسکیو ذرائع کے مطابق روہیلاں والی کے قریب مسافر وین تیز رفتاری سے اوور ٹیک کرتے ہوئے لوڈر گاڑی اور موٹر سائیکل سے ٹکرا گئی۔جاں بحق اور زخمی ہونے والے افراد میں سے اکثر مسافر وین پر سوار تھے، وین علی پور سے مظفر گڑھ کی جانب جا رہی تھی، لاشوں اور زخمیوں کو دیہی مرکزِ صحت روہیلاں والی منتقل کر دیا گیا ۔دوسری جانب گھوٹکی کے قریب ایم فائیو موٹر وے پر تیز رفتار بس الٹنے سے آگ لگ گئی، جس کے نتیجے میں 3 خواتین جاں بحق اور بچی سمیت 10 افراد زخمی ہو گئے، زخمیوں میں سے 2 افراد کی حالت تشویش ناک ہے۔پولیس کے مطابق بنوں سے کراچی جانے والی بس کو سکھر ملتان موٹر وے پر حادثہ پیش آیا، ڈرائیور کو نیند آنے کے باعث تیز رفتار بس گھوٹکی کے قریب الٹ گئی اور اس میں آگ لگ گئی۔حادثے کے بعد ایمبولینسیں اور فائر بریگیڈ کی گاڑیاں پہنچ گئیں، حادثے میں متاثرہ افراد کو میرپور ماتھیلو کے ہسپتا ل منتقل کر دیا گیا، حادثہ باگو ڈرا سی پیک 63 پولیس پکٹ کے مقام پر پیش آیا ۔قصور میں فیروزپور روڈ پر لاہور جانے والی دو گاڑیاں ٹکرا گئیں، ریسکیو ٹیمیں اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچ گئیں.