کارکنان صبح سویرے ہی جاتی امراءپہنچے،محفوظ سفر کےلئے دعائیں،گاڑی پر گل پاشی

پاکستان مسلم لیگ (ن) سے مرد و خواتین کارکنان صبح سویرے ہی سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کی رہائشگاہ کے باہر پہنچ گئے ۔ اس موقع پر نواز شریف کے محفوظ سفر اور ان کی جلد صحتیابی کے لئے خصوصی دعائیں کی گئیں ۔ خواتین کارکنان ہاتھوں میں تسبیح لئے وظائف پڑھتی رہیں۔ لیگی کارکنان جیسے بھی حالات رہیں گے میاں تیرے ساتھ رہیں گے، وزیر اعظم نواز شریف ، ہے قائد ہمارا نواز شریف ،نہ جھکنے والا نواز شریف ، ن بکنے والا نواز ، میاں تیری جت شالا انشا اللہ انشا اللہ،میاں تیرے جانثار بے شمار بے شمار، ظلم کے ضابطے ہم نہیں مانتے کے نعرے لگاتے رہے ۔نواز شریف کی گاڑی جیسے ہی جاتی امراءسے ائیر پورٹ جانے کے لئے باہر نکلی تو کارکنوں نے ان کی گاڑی پر گل پاشی کی او ران کے حق میں نعر ے لگائے ۔پارٹی صدر محمد شہباز شریف کے منع کرنے کے باوجود کارکنان نواز شریف کے قافلے کے ساتھ ہی ائیر پورٹ کی جانب روانہ ہوئے تاہم انہیں مقررہ حد سے آگے جانے سے روک دیا گیا ۔