لاہور میں میگاپراجیکٹس کا اعلان ، ویلج پنچایت الیکشن غیر جماعتی ہونگے: عثمان بزدار

لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدارکی زیرصدارت صوبائی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں صوبائی وزرائ، تحریک انصاف اور مسلم لیگ قائداعظم کے ارکان پنجاب اسمبلی نے شرکت کی اور پنجاب اسمبلی کے رواں سیشن کے حوالے سے حکمت عملی طے کی گئی۔ وزیراعلیٰ نے اجلاس سے خطاب میں کہاکہ ہماری حکومت نے عوام کی فلاح وبہبود کو ہمیشہ مقدم رکھا ہے اور پنجاب میںتمام امورمشاورت کے ساتھ سرانجام دیئے جارہے ہیں۔ ویلج پنچایت کے الیکشن مارچ میں متوقع ہیںاوراس ضمن میںمحکمہ بلدیات ضروری انتظامات کررہا ہے۔ویلج پنچایت کے الیکشن غیر جماعتی بنیادوں پر ہوںگے جبکہ لوکل گورنمنٹس کے الیکشن دوسرے مرحلے میں ہوںگے۔لوکل گورنمنٹس کے الیکشن جماعتی بنیادوں پر ہوںگے۔وزیراعلیٰ نے لاہور کے شہریوں کیلئے میگاپراجیکٹس شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ لاہور کے مختلف مقامات اوورہیڈبریج بنائے جائیںگے جس سے شہریوں کو آمد ورفت میں سہولت ملے گی اورٹریفک نظام بہتر ہوگا،اسی طرح ایک ارب کی لاگت سے لاہور کی سڑکوں کی تعمیر و مرمت کی جائے گی۔ ہماری حکومت نے جیلوں میں قیدیوں کی حالت زار کو بہتر بنانے کیلئے جامع اصلاحات متعارف کرائی ہیں۔ پیرول رولزکی تبدیلی سے5 ہزار قیدیوں کو فائدہ پہنچے گا۔ ماڈل بازاروں کا دائرہ کار تحصیل کی سطح تک بڑھائیںگے۔ ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف بلاتفریق کارروائی جاری رہے گی۔ مہنگائی پر قابو پانے کیلئے آپ سب کو متحرک کردار ادا کرنا ہے ۔وزیراعلیٰ نے نوجوانوں کو ہنر مند بنانے کیلئے آسان شرائط پر قرضوں کی نئی سکیم کے اجراء کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ9ارب روپے کے قرضے نوجوانوں کو دیئے جائیںگے جسے وہ اپنا کاروبار شروع کرسکیںگے۔ راولپنڈی اور ڈیرہ غازی خان میں سیف سٹی پراجیکٹس شروع کیے جارہے ہیں۔ سموگ پر قابو پانے کیلئے متعلقہ محکموں کو چوکس کیا گیاہے۔ تجاوزات کے خلاف آپریشن بلاامتیاز جاری رہے گا۔ ’’نیا پاکستان منزلیں آسان‘‘ منصوبے کے تحت دیہی سڑکوں کی تعمیر ومرمت کا پہلا مرحلہ دسمبر تک مکمل ہوجائے گا۔ سیمنٹ انڈسٹری کے حوالے سے پالیسی تیارکرلی گئی ہے۔ سیمنٹ انڈسٹریزکی ترقی سے معیشت مضبوط ہوگی۔ ہماری حکومت10سپیشل اکنامک زونز پر کام کر رہی ہے۔ سپیشل اکنامک زونز کے قیام سے 2لاکھ افراد کو روزگار ملے گا۔ ہر چھ ماہ کی کارکردگی سے ارکان اسمبلی کو آگاہ کروں گا۔ خواتین اراکین اسمبلی کو بھی ان کا حق دیا جائے گا۔کرپشن کو کبھی برداشت کیا ،نہ کروںگا۔کرپشن کے خلاف زیرو ٹارلرنس کی پالیسی اپنائی ہے۔ وزیراعلیٰ نے اجلاس میں ٹائون شپ لاہور سے پاسچرائزڈ دودھ فروخت کرنے کا پائلٹ پراجیکٹ شروع کرنے کی منظوری اور صوبے میں پاسچرائزڈ دودھ فروخت کرنے کے پروگرام کاجائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق عوام کو خالص خوراک کی فراہمی کے مشن کو پورا کریں گے۔ لاہور کو خالص دودھ کی فراہمی کے لحاظ سے ماڈل سٹی بنایاجائے گا۔