کشمیری خواتین کے ریپ سے متعلق بھارتی جرنیل کا بیان، اخلاق باختہ گھٹیا: فردوس عاشق، فواد
اسلام آباد (صباح نیوز، نوائے وقت رپورٹ) وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ سابق بھارتی جنرل کی ٹی وی پر کشمیری خواتین کی بے حرمتی کے گھٹیا بیان کی مذمت کرتے ہیں، ایسے بیانات قاتل اور غاصب مودی حکومت کے ان دعووں کی کھلی تردید ہیں کہ کشمیر میں زندگی معمول پر آگئی۔ انہوں نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ سلام پیش کرتے ہیں اپنی کشمیری مائوں اور بہنوں کو جنہوں نے جرات، شجاعت اور بہادری سے بھارتی جبر و ظلم کا مقابلہ کیا، جدوجہد آزادی میں ان کی قربانیاں اور خدمات تاریخ کا ناقابل فراموش باب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اخلاق سے عاری اور فسطائیت سے بھرپور یہ سوچ مودی کے نازی ازم کا ناقابل تردید ثبوت ہے۔ بھارتی فوجی بی جے پی کے کارندے بن چکے ہیں۔ عالمی برادری بھارتی فوج کے ایسے ذہنی بیماروں اور انسانیت کے مجرموں کے خلاف سخت ردعمل کا اظہار کرے۔ دریں اثناء وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے بھارتی جنرل سنہا کے کشمیری خواتین کے ریپ کے حوالے سے بیان کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ ریپ کو بطور جنگی ہتھیار استعمال کرنے کی وکالت کوئی بھی شخص نہیں کر سکتا۔ اس پر ہر شخص خصوصاً خواتین کو شدید ردعمل دینا چاہئے۔ فواد چوہدری نے کہا کہ بھارتی جنرل سنہا نے ٹی وی پر بیٹھ کر جس ڈھٹائی اور بے حیائی سے کشمیری عورتوں کے ریپ کی بات کی اس نے ثابت کیا کہ وہ کس قدر نیچ اور گھٹیا سوچ کا مالک ہے۔