حکومت کو عوام کی مشکلات کا مکمل ادراک ،مثبت نتائج سامنے آئینگے:ہاشم ڈوگر
لاہور (لیڈی رپورٹر)صوبائی وزیر بہبود آبادی کرنل (ر) ہاشم ڈوگر نے کہا ہے کہ حکومت کو عوام کی مشکلات کا مکمل ادراک ہے۔ ان کے مسائل کے ازالے اور ریلیف مہیا کرنے کے لیئے جامع پالیسیاں مرتب کی گئی ہیں جن کے مثبت نتائج جلد سامنے آئیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں آئے سائلین کی شکایات اور مسائل سننے کے دوران کیا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ عوام کو تعلیم، صحت، اور خوراک سمیت زندگی کی تمام سہولیات کی فراہمی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکومتوں کی نا اہلی کی وجہ سے ملک آج اس نہج پر پہنچ چکا ہے۔ ہم سب وزیراعظم کی بہترین قیادت میں وطن عزیز کو مشکلات سے نکالنے اور اپنے پائوں پر کھڑا کرنے کے لئے کوشاں ہیں۔