حکومت کا ضمانتی بانڈ مانگنا شرعی اعتبار سے جائز نہیں :عبدالغفارروپڑی
لاہور(خصوصی نامہ نگار )جماعت اہلحدیث پاکستان کے امیر حافظ عبدالغفارروپڑی نے کہا ہے کہ پوری امت مسلمہ اس وقت سنگین مسائل کا شکار ہے۔ مسلمانوں کیخلاف دشمنان اسلام کی مذموم کارروائیاں دن رات جاری ہیں۔ جن کا ڈٹ کا مقابلہ کرنے کیلئے پوری امت مسلمہ کو سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑا ہونا ہو گا،سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کی بیرون ملک روانگی پر حکومت کا ضمانتی بانڈ مانگنا شرعی اعتبار سے جائز نہیں ہے، حلف کے بعد شریعت نے اس پر عمل درآمد کی تلقین کی ہے۔گذشتہ روز جامع القدس چوک دالگراں میں علماء کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات صحیح معنوں میں اسلامی اخوت کے آئینہ دار ہیں۔ دونوں ملکوں نے مختلف اوقات میں اپنے کردار و گفتار سے باہمی اسلامی اخوت کو حقیقی شکل میں پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ تبدیلی کا نعرہ لگانے والوں نے عوام کو مہنگائی کی سونامی میں دھکیل دیا۔