مسئلہ کشمیر و فلسطین حل کئے بغیر دنیا میں امن قائم نہیں ہوسکتا:طاہر محمود اشرفی
لاہور (خصوصی نامہ نگار)چیئرمین پاکستان علماء کو نسل و صدر وفاق المساجد و المدارس پاکستان حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر و فلسطین حل کیے بغیر دنیا میں امن قائم نہیں ہوسکتا۔ ہندوستان اور اسرائیل کا تعصب و جارحیت دنیا کو عالمی جنگ کی طرف دھکیل رہی ہے۔ 104دن گزر گئے دنیا نے کشمیریوں کی آواز نہیں سنی ، کیا اگر کسی یورپی برادری کے ساتھ اسی طرح ہوتا تو دنیا ایسے ہی خاموش تماشائی کا کردار ادا کرتی۔ اقوام عالم کو دوہرا معیار ترک کرکے دنیا کو ایک ہی آنکھ سے دیکھناہوگا ، اسی دوہرے معیار نے تہذیبوں کے درمیان ناصرف دوریاں پیدا کیں بلکہ انہیں ایک دوسرے کے سامنے لا کر کھڑا کردیا۔ مغرب کے اس رویے کی وجہ سے بین المذاہب ہم آہنگی کے لیے کی جانے والی کوششوں کو دھچکا لگا۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار دبئی میں عرب ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ حافظ طاہرمحمود اشرفی نے کہا کہ بین المذاہب ہم آہنگی وقت کا تقاضا ہے، یہی وہ راستہ ہے جس پر چل کر دنیا کو امن کا گہوارہ بنایا جاسکتا ہے۔