فیصلوں کی مقبولیت عوام کے تبصروں سے عیاں ہو جاتی ہے:خرم نواز گنڈاپور
لاہور(خصوصی نامہ نگار )پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ فیصلوں کی مقبولیت عوام کے تبصروں سے عیاں ہو جاتی ہے۔امیر اور غریب کے ساتھ امتیازی سلوک ہو گا تو تلخ و ترش ردعمل بھی آئیگا،سانحہ ماڈل ٹاؤن کے اسیر ہمایوں بشیر کی موت کے دن تک اس کی ضمانت کی درخواست نہ سنی گئی ۔اس کا غریب اور مظلوم لواحقین کو دلی رنج ہے۔ یہاں نہ سہی لیکن روز حشر اس کا جواب مانگا جائیگا۔ خرم نواز گنڈاپورنے اپنے بیان میں کہا کہ شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثاء 5سال سے انصاف کے منتظر ہیں۔نواز شریف کو جو برق رفتار انصاف ملا ایسے ہی انصاف کا ہر شہری حقدار ہے،سانحہ ماڈل ٹاؤن کے انصاف کا پراسیس پانچ سال قبل جس پوزیشن پر تھا آج بھی اسی پوزیشن پر ہے۔خرم نواز گنڈاپور نے مزید کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے قاتلوں کو ہمیشہ ریلیف ملا، 30سال پہلے اور آج میں کچھ فرق نہیں ہے۔