صنعتکاروں، تاجروں کے جائز مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرینگے، اسلم اقبال
لاہور(کامرس رپورٹر) صوبائی وزیر صنعت و تجارت و اطلاعات و ثقافت میاں اسلم اقبال نے چیمبر کی نو منتخب قیادت کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ امید ہے کہ نوجوان نئی قیادت صنعتکاری کے عمل کو تیزکرنے میں اپنا موثر کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے اس امر کا اظہار گزشتہ روز لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدرشیخ عرفان اقبال، نائب صدر میاں زاہد جاوید اور دیگر عہدیداران سے ملاقات میں کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صنعت کار اور تاجرقومی معیشت کی مضبوطی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، ان کے جائز مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے۔ صدر لاہور چیمبر شیخ عرفان نے کہا کہ پنجاب حکومت نے صوبے میں کاروبارکے مواقع بڑھانے کے لئے ٹھوس اقدامات کئے ہیں ہم صنعتوں کے فروغ کے لیے حکومت کے ساتھ ہر ممکن تعاون کے لیے تیار ہیں۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ چھوٹی صنعتوں کے فروغ کے لیے ساڑھے نو ارب روپے کے منصوبے شروع کئے جا رہے ہیں۔ نوجوان ہنر مندوں کو اپنا کاروبار شروع کرنے کے لیے قرضوں کی فراہمی کا 6ارب روپے کا پروگرام بھی منظور ہو چکا ہے۔نوجوانوں کو اپنا کاروبار شروع کرنے کے لیے 30لاکھ روپے تک کا قرضہ دیا جائے گا۔ میاں اسلم اقبال نے کہا کہصوبے کے 36اضلاع میں آئندہ 3سالوں میں کاٹیج انڈسٹری کو قرضوں کی فراہمی کے ذریعے اپنے پائوں پر کھڑا کریں گے۔ کاٹیج انڈسٹری کی بحالی کے منصوبے کا افتتاح وزیر اعلیٰ پنجاب اسی ہفتے کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان فیصل آباد میں علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی کا افتتاح دسمبر کے وسط میں کریں گے۔ خود ساختہ مہنگائی پر چیمبرز اور صنعت کاروں کے تعاون سے قابو پائیں گے۔