وزیراعلٰی خیبر پختونخوا سے پیپلز پارٹی کے سابق وزیر سید احمد حسین شاہ کی ملاقات, ساتھیوں سمیت تحریک انصاف میں شامل ہونے کا اعلان
وزیراعلٰی خیبر پختونخوا محمود خان سے پیپلز پارٹی کے سابق وزیر سید احمد حسین شاہ کی ملاقات، سید احمد حسین شاہ خاندان ساتھیوں سمیت تحریک انصاف میں شامل ہو گئے۔ وزیراعلٰی خیبر پختونخوا محمود خان نےکہا تحریک انصاف نے سٹیٹس کو ،کو توڑ کر حامی قوتوں کی چیخیں نکال دی ہیں،سابق فاٹا کے سات اضلاع اور چھ ایف آر آئینی طور پر صوبے کا حصہ بن چکے ہیں، اس سلسلے میں کوئی اگر مگر نہیں ، اس پر لوگ اپنے دکانیں نہ چمکائیں، تحریک انصاف نے پہلی بار مفاد پرست اشرافیہ کو چیلنج اور شعور میں تبدیلی کے سفر کا آغاز کیا
یہی وجہ ہے کہ یہ تبدیلی اشرافیہ کو ایک آنکھ نہیں بھاتی ، ایک درجن سے زائد صوبائی محکموں کو نئے اضلاع تک توسیع دی جا چکی ہے، صوبائی محکموں کی توسیع اور نئے اضلاع کی ترقی کا عمل مکمل انضمام تک بتدریج جاری رہے گا۔ وزیراعلٰی نے کہا نئے اضلاع میں صوبائی کوٹہ برقرار رکھا گیا ہے ،وہاں کے لوگوں کو انصاف اور میرٹ سمیت ترقی کے ہمہ گیر مواقع دیئے جائیں گے۔