اسلام آباد: سعودی عرب کی جانب سے امدادی پیکج کی مد میں ایک ارب ڈالر آج ملنے کا امکان ہے۔ وزارت خزانہ کے مطابق ادھار پر تین ارب ڈالر کی پٹرولیم مصنوعات کی فراہمی دسمبر سے شروع ہو گی۔
سعودی حکومت کے پیکج پر عملدرآمد شروع ہوچکا ہے۔ وزارت خزانہ کے مطابق پاکستان کو سعودی پیکج کی مد میں 3 ارب ڈالر اقساط میں فراہم کئے جائیں گے۔ اس پیکج کی مد میں ایک ارب ڈالر کی پہلی قسط آج ملنے کا امکان ہے۔ یہ رقم سٹیٹ بینک آف پاکستان میں جمع کروائی جائے گی، بقیہ 2 ارب ڈالر آئندہ 2 ماہ میں ایک ایک ارب ڈالرکی اقساط میں ملیں گے۔ وزارت خزانہ کے مطابق ادھار پر تین ارب ڈالر کی پٹرولیم مصنوعات کی فراہمی دسمبر سے شروع ہوگی۔
معاشی تجزیہ کاروں کے مطابق ایک ارب ڈالر کی رقم ملنے سے پاکستانی روپے کی قدر میں اضافہ ہو گا اور آئی ایم ایف سے پیکج کے معاملات طے کرنے کے حوالے سے پاکستان بہتر پوزیشن میں آ جائے گا۔