اسلام آباد: سپریم کورٹ نے احتساب عدالت کو نوازشریف کے خلاف العزیزیہ ریفرنس تین ہفتے میں مکمل کرنے کا حکم دے دیا۔
نوازشریف کے خلاف العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس کی مدت 17 نومبر کو ختم ہوچکی ہے جس کی مدت میں توسیع کے لیے احتساب عدالت کے جج ارشد ملک نے 16 نومبر کو سپریم کورٹ کو خط تحریر کیا تھا جس میں ٹرائل کی مدت میں توسیع کی درخواست کی گئی تھی۔
چیف جسٹس کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے احتساب عدالت کے جج محمد ارشد ملک کی درخواست پرسماعت کی جس سلسلے میں نوازشریف کی طرف سے خواجہ حارث عدالت میں پیش ہوئے۔عدالت نے العزیزیہ ریفرنس کا ٹرائل 3 ہفتے میں مکمل کرنے کا حکم دیا۔
چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ العزیزیہ ریفرنس کا ٹرائل مکمل کرنے کے لیے مزید مہلت نہیں ملے گی۔
واضح رہےکہ سپریم کورٹ العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنس میں ٹرائل کی مدت میں 6 مرتبہ پہلے ہی توسیع کرچکی ہے اور اس میں آخری توسیع 12 اکتوبر کو کی گئی جس میں عدالتِ عظمیٰ نے احتساب عدالت کو 17 نومبر تک کی مہلت دی تھی۔