جشن عید میلادالنبیؐ عقیدت و احترام اور جوش و جذبہ کیساتھ منایا جائیگا، بشارت راجہ
راولپنڈی(اپنے سٹاف رپورٹر سے)پنجاب کے وزیر قانون محمد بشارت راجہ نے کہا ہے کہ ملک بھر کی طرح پنجاب میںجشن عید میلادالنبیؐ بھر پور مذہبی عقیدت و احترام اور جوش و جذبہ کے ساتھ منایا جائے گا۔ جشن عید میلادالنبی ؐکو جوش وخروش اور مذہبی عقیدت واحترام سے منانے کیلئے تمام تیاریاں مکمل کی جارہی ہیں،جلوس کیلئے فول پروف حفاظتی اور صفائی ستھرائی کے انتظامات مکمل کیے جائیں، اس سلسلے میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی پنجاب بھر کی جھوٹی بڑی مارکیٹوں سمیت تمام اضلاع کے دیگر بازاروں اور گلی محلوں کو خوبصورتی سے سجایا جائے گاعید میلاد النبی پوری امت مسلمہ کیلئے خوشی کا پیغام ہے اور نبی پاک کی محبت کا تقاضا ہے کہ ہم بطور امتِ محمدی اپنے اندر اتحاد، یکجہتی اور یگانگت پیدا کریں اور تفرقہ اور تفریق کی بجائے وحدت اور ہم آہنگی کا مظاہرہ کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے گزشتہ روز دھمیال ہائوس میں مقامی علماء اور شہریوں کے وفود سے ملاقات کے دوران کیا۔انہوں نے کہا کہ رسول آخر الزماں سے محبت ہمارے ایمان کا حصہ ہے اور یہ محبت ہمارے لئے دنیا و آخرت میں نجات کی ضمانت ہے صوبائی وزیر قانون نے کہا کہ نبی پاک کی تعلیمات جو غریبوں کی مدد، بے کسوں اور یتیموں کی داد رسی سے متعلق ہے کو کبھی فراموش نہیں کرنا چاہئے عید میلادالنبی کا دن ہمیں نبی پاک کی تعلیمات سے تجدیدِ عہد وفا کا پیغام بھی دیتا ہے اور عید میلادالنبی کے دن ہم اپنے نبی کی ہدایات پر عمل کو اپنا شعار بنا کر اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگی میں انقلاب برپا کرسکتے ہیں۔انہوںنے کہا کہ جشن عید میلادالنبی کے موقع پر صفائی ستھرائی ،ٹریفک ،بجلی و پانی سمیت سیکورٹی کے بہتر انتظامات بنانے سمیت علماء کرام سے قریبی رابطے رکھے جائیں گے لہذا محافل میلاد النبی کی انتظامیہ کو بھی چاہئے کہ وہ ضلعی انتظامیہ و پولیس اور سیکورٹی اداروں سے اپنا بھر پور کو یقینی بنائیں تاکہ جشن میلادالنبی کے موقع پر پرامن ماحول کو پروان چڑھایا جا سکے۔تمام درپیش مسائل کوعلماء کرام و مشائخ عظام کی مشاورت سے جشن آمد المصطفے سے پہلے افہام و تفہیم سے حل کئے جائیں گے۔ہم بارہ ربیع الاول کے جلوسوں کے حوالہ سے مکمل تعاون کریں گے عوام کا تعاون بھی ضروری ہے عید میلادالنبی کے موقع پرراولپنڈی سمیت صوبہ بھرمیں امن برقراررکھنے کیلئے مؤثراقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے ،سیکرٹری داخلہ اورآئی جی پولیس کوجاری کردہ احکامات میں وزیراعلیٰ کی جانب سے اس مبارک دن کے دوران تمام متعلقہ اداروں کے درمیان مربوط روابط کے قیام ،جلوسوں کی حفاظت کیلئے اضافی نفری کی تعیناتی اورخفیہ کیمروں کے ذریعے نگرانی سمیت تمام ممکنہ اقدامات کو یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے صوبائی وزیر قانون نے تمام مکاتب فکرکے علماء کرام اورعوام سے اپیل کی ہے کہ وہ عید میلادالنبی کے موقع پر رواداری،بھائی چارگی اوریکجہتی کی فضاء کے فروغ میں اپناکرداراداکریں تاکہ امن کے دشمنوں کو شکست دی جاسکے اس موقع پرعلمائے کرام اور شہریوں نے پنجاب حکومت کو اپنی طرف سے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔