عامر لیاقت کی دوسری شادی، کراچی میں ولیمہ، گورنر سمیت متعدد سیاستدان شریک
کراچی (سٹاف رپورٹر+ نیٹ نیوز) رکن قومی اسمبلی‘ ممتاز ٹی وی اینکر اور سابق وفاقی وزیر عامر لیاقت حسین نے ایک اور شادی کرلی۔ ان کی دعوت ولیمہ کی تقریب کراچی کے بیچ لگژری ہوٹل میں ہوئی۔ جس میں گورنر سندھ عمران اسمٰعیل‘ شعیب شیخ‘ صحافیوں اور سیاستدانوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ نیٹ نیوز کے مطابق عامر لیاقت حسین کی دوسری شادی اس وقت سامنے آئی جب الیکشن کمشن میں ان کے خلاف کاغذات نامزدگی میں دوسری اہلیہ کا ذکر نہ کرنے پر درخواست دائر ہوئی۔ اس پر عامر لیاقت نے ای سی پی میں پیش ہوکر مؤقف اختیار کیا کہ انہوں نے اپنی بیوی کے حوالے سے کچھ نہیں چھپایا، ابھی صرف ان سے نکاح ہوا ہے۔ گزشتہ روز پی ٹی آئی رہنما نے ولیمہ کی تصاویر کو اپنے ٹویٹر اکائونٹ پر شیئر کر دیا جبکہ رخصتی کی تصدیق بھی کردی۔