مولانا عبدالوہاب کی نماز جنازہ میں شرکت‘ کراچی ایئر پورٹ پر لاہور جانے والوں کا رش
کراچی (اسٹاف رپورٹر) رائے ونڈ میں تبلیغی جماعت کے امیر محمد عبدالوہاب کی نماز جنازہ میں شرکت کیلئے جانے والوں کا کراچی ایئر پورٹ پر رش لگ گیا۔ پی آئی اے نے اس موقع پر اضافی پروازیں چلانے کا اعلان کیا لیکن ٹکٹوں کی قیمت آسمان سے باتیں کرنے لگیں۔ اس موقع پر نجی ایئر لائنز نے بھی بہتی گنگا میں ہاتھ دھوئے۔ پی آئی اے نے 5 خصوصی پروازیں بھی چلائیں۔ قومی ایئر لائن کو صبح کی 3 پروازوں سے 2 کروڑ 55 لاکھ روپے کی آمدنی ہوئی۔ اتوار کو پی آئی اے کی 2 شیڈول پروازیں منسوخ کر دی گئی تھیں جن کے مسافر خصوصی پروازوں سے گئے‘ 2 پروازیں شام کو گئیں لیکن اس کے باوجود کئی ہزار مسافر نماز جنازہ میں شرکت سے محروم رہ گئے۔ ایک جہاز میں 450 مسافر تھے۔ اتوار کو پی آئی اے کا لاہور کا ٹکٹ 45 ہزار روپے تک ہو گیا۔ جمعیت علماء اسلام کے رہنماء قاری محمد عثمان نے بتایا کہ لاہور جانے والوں نے ایک لاکھ 10 ہزار روپے میں ٹکٹ خریدا۔