پاکستان سے توہین رسالت قوانین منسوخ کرنیکا مطالبہ قابل مذمت ہے: علامہ ثاقب شامی و دیگر
لاہور (پ ر) امریکہ کا پاکستان سے توہین رسالت قوانین منسوخ کرنے کا مطالبہ قابل مذمت ہے جس کو حکومت فوری طور پر مسترد کرے۔ عقیدہ ختم نبوتؐ کی پہرہ داری مسلمانوں کی اولین ذمہ داری ہے۔ ختم نبوتؐ حلف نامہ میں تبدیلی کی ذمہ دار پوری پارلیمنٹ ہے جس کی کھلی آنکھوں کے سامنے حلف نامے کو اقرار نامہ بنا دیا گیا۔ ان خیالات کا اظہار محافظان ختم نبوتؐ کے زیر اہتمام ایوان اقبال میں چھٹی عالمی ختم نبوتؐ کانفرنس سے علامہ محمد ثاقب اقبال شامی، علامہ محمدطیب نقشبندی، علامہ خادم حسین خورشید، علامہ محمد اعظم نعیمی، پیر ذوالفقار مصطفیٰ ہاشمی قادری و دیگر نے خطاب میں کیا۔ علامہ محمد طیب نقشبندی نے کہا کہ اسلام کے خلاف اٹھنے والے ہر فتنے کا ڈٹ کا مقابلہ کیا جائے گا۔ قادیانی دائرہ اسلام سے خارج ہیں۔ علامہ خادم حسین خورشید نے کہا کہ مذہب کے نام پر سیاست کرنے والوں کی مسئلہ ختم نبوتؐ پر خاموشی سوالیہ نشان ہے۔ غلامان رسول تحفظ ختم نبوت کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ علامہ محمد اعظم نعیمی نے کہا کہ امام الشاہ احمد نورانی، مولانا عبدالستار خان نیازی، پیر مہر علی شاہ گولڑہ شریف، مفتی محمد حسین نعیمی اور دیگر اکابرین اہلسنت نے ختم نبوتؐ کے تحفظ کیلئے تاریخی کردار ادا کیا۔ پیر ذوالفقار مصطفیٰ ہاشمی قادری نے کہا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کی طرف سے ختم نبوتؐ کے متعلق ایکٹ 217 کی شق 241 کو معطل کرنے کا فیصلہ خوش آئند ہے۔ اس سے ختم نبوتؐ سے متعلق آٹھ قوانین بحال ہوگئے۔ کانفرنس کی قراردادوں میں مطالبہ کیا گیا کہ قادیانیوں کو سرکاری عہدوں سے فارغ کیا جائے اور حلف نامے میں نقب لگانے والوں کو قوم کے سامنے لایا جائے۔