امن اور طویل المدتی جنگ بندی کے لیے پاکستان اور بھارت کشیدگی سے گریز کریں:چین

May 19, 2025 | 18:56

ویب ڈیسک

چین نے ایک بار پھر پاکستان اور بھارت کو تحمل سےکام لینے کا مشورہ دیا ہے۔ ترجمان چینی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ پاک بھارت کشیدہ صورت حال پر اپنی پوزیشن واضح کرچکے.چین دونوں ممالک کے ساتھ روابط جاری رکھنے کا خواہش مند ہے۔ترجمان چینی وزارت خارجہ نے کہا کہ امن اور طویل المدتی جنگ بندی کے لیے پاکستان اور بھارت کشیدگی سے گریز کریں۔

دوسری جانب، نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ اسحٰق ڈار چین کے 3 روزہ دورے پر بیجنگ پہنچ گئے ہیں۔پاکستانی دفتر خارجہ کے مطابق بیجنگ ایئرپورٹ پر چینی حکام، پاکستانی سفیر خلیل ہاشمی نے وزیرخارجہ کا استقبال کیا۔ترجمان وزارت خارجہ کے مطابق اسحٰق ڈار کےدورے میں اعلی سطح ملاقاتیں اور باہمی تعاون پرتبادلہ خیال ہوگا۔

خیال رہے کہ 22 اپریل کو مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں ہونے والے حملے میں 26 سیاحوں کی ہلاکت کے بعد بھارت نے 7 مئی کو ’آپریشن سندور‘ کے تحت پاکستان کے مختلف علاقوں میں حملوں کا سلسلہ شروع کر دیا تھا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ان حملوں کے دوران 6 مختلف مقامات پر 24 دھماکے ہوئے تھے، جن میں 40 پاکستانی شہری شہید اور 121 زخمی ہوئے تھے، جبکہ 13 فوجی جوان بھی شہید اور 78 زخمی ہوئے تھے۔پاکستان کی مسلح افواج نے فوری اور مؤثر جوابی کارروائی کرتے ہوئے تین رافیل طیاروں سمیت 5 بھارتی جنگی طیارے مار گرائے تھے، اور لائن آف کنٹرول پر موجود بھارتی بریگیڈ ہیڈکوارٹرز اور چیک پوسٹوں کو تباہ کر دیا تھا۔10 مئی کو بھارت نے تین پاکستانی فضائی اڈوں پر میزائل داغے، جس کے ردِعمل میں پاکستان نے ’آپریشن بنیان المرصوص‘ کا آغاز کیا تھا اور بھارت کے میزائل ڈیفنس سسٹم سمیت کئی فوجی تنصیبات کو تباہ کردیا تھا۔بڑھتی ہوئی کشیدگی کے بعد امریکی ثالثی کے نتیجے میں اسی روز دونوں ممالک کے درمیان شام 4 بج کر 30 منٹ پر سیز فائر کردیا گیا تھا۔

مزیدخبریں