پاکستان نے بھارتی جارحیت سے متعلق ناقابل تردید شواہد کیساتھ ڈوزیئر جاری کر دیا

May 19, 2025 | 14:13

حکومت پاکستان کے مطابق اسلام آباد نے ایک جامع ڈوزیئر جاری کیا ہے جس میں ’آپریشن بنیان مرصوص کی تاریخی کامیابی، پہلگام آپریشن اور انڈیا کی جارحیت کے ناقابل تردید شواہد‘ پیش کیے گئے ہیں۔سرکاری ریڈیو پاکستان کے مطابق 18 مئی 2025 کو پہلگام آپریشن اور انڈیا کی جارحیت سے متعلقہ مستند دستاویزات کے مجموعے [ڈوزیئر] میں آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق حقائق، سیٹلائٹ تصاویر، اور پہلگام آپریشن پر بین الاقوامی میڈیا کی تصدیق شدہ رپورٹس شامل ہیں۔ڈوزیئر میں کہاگیا کہ پاکستان نے غیر جانبدار فریق کے تحت مشترکہ تحقیقات کی تجویز پیش کی۔ان تمام تجاویز کو بھارت نے مسترد کر دیا جس سے بھارت کے ارادوں پر سوالیہ نشان کھڑا ہو گیا۔واضح رہے کہ پہلگام حملہ ایک جھوٹا فلیگ آپریشن تھاجسے بھارت نے ترتیب دیا اور جان بوجھ کر اپنی جارحیت کا جواز پیش کرنے کے لیے اندرونی سیاسی مقاصد کی تکمیل کیلئے اسے ایک بہانے کے طور پر استعمال کیا ۔بھارت نے من گھڑت الزامات اور پہلگام فالس فلیگ آپریشن کو جواز کے طور پر استعمال کرتے ہوئے پاکستان میں مریدکے، بہاولپور اور مظفر آباد سمیت مختلف مقامات کو نشانہ بنایا اور پاکستان کی حدود میںسو سے زیادہ ڈرون بھی بھیجے۔مریدکے میں جامع مسجد پر میزائل حملے میں متعدد شہری جاں بحق ہو گئے۔بہاولپور کو بھی نشانہ بنایا گیا جہاں ایک مسجد پر میزائل سے حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں عام شہری ہلاک ہوئے، جن میں بچے بھی شامل تھے۔آزاد جموں و کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں ہندوستانی حملے نے ایک مسجد کو شدید نقصان پہنچایا اور بے گناہ شہری مارے گئے۔

مزیدخبریں