او آئی سی15ڈائیلاگ پلیٹ فارم کی دوسری وزارتی کانفرنس تہران میں شروع 

May 19, 2025

اسلام آباد (خبرنگار) اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی)کے تحت قائم کردہ او آئی سی-15ڈائیلاگ پلیٹ فارم کی دوسری وزارتی کانفرنس تہران میں شروع ہوگئی، جس میں اسلامی دنیا میں سائنس، ٹیکنالوجی اور اعلی تعلیم کے شعبوں کو مصنوعی ذہانت (AI)کے ذریعے فروغ دینے پر بھرپور توجہ مرکوز کی جائے گی مصنوعی ذہانت کے ذریعے سائنس و ٹیکنالوجی میں جدت: امتیاز کی حکمتِ عملی، اسلامی دنیا کا روشن مستقبل کے عنوان سے تین روزہ اجلاس کا مقصد مسلم ممالک کو درپیش سائنسی و ترقیاتی چیلنجز کا مشترکہ حل تلاش کرنا اور باہمی تعاون کو فروغ دینا ہے کانفرنس میں او آئی سی کے رکن ممالک کے وزرائے سائنس، اعلی سطحی نمائندے اور ٹیکنالوجی کے ماہرین شرکت کررہے ہیں، اجلاس کے دوران اسلامی دنیا کے لیے مصنوعی ذہانت سے متعلق پہلا کثیرالملکی معاہدہ منظور کیے جانے کی توقع ہے، جو ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز میں مشترکہ پالیسی سازی کی جانب ایک اہم قدم تصور کیا جا رہا ہے وزارتی اجلاس سے قبل سینئر آفیشلز میٹنگ منعقد ہوئی، جس کی مشترکہ صدارت او آئی سی-کامسٹیک کے کوآرڈینیٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری اور ایران کے نائب وزیر سائنس پروفیسر فرہاد یزدان دوست نے کی۔ 

مزیدخبریں