اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) پاکستان نے معرکہ حق میں تاریخی فتح پر بھارتی جارحیت اور جھوٹ کو بے نقاب کرنے کے لیے ڈوزیئر جاری کر دیا۔ رپورٹ کے مطابق ذرائع نے کہا کہ ڈوزیئرمیں آپریشن بنیان مرصوص میں تاریخی کامیابی، پہلگام فالس فلیگ اوربھارتی جارحیت کے ناقابل تردید شواہد پیش کیے گئے ہیں۔ آپریشن بنیان مرصوص کے حقائق، سیٹلائٹ تصاویر، پہلگام فالس فلیگ پر مستند بین الاقوامی میڈیا رپورٹس بھی ڈوزیئر کاحصہ ہیں۔ ذرائع کے مطابق ڈوزیئر کے متن کے مطابق:- پاکستان امن کا علمبردار ہے اور اپنی سالمیت کا ہر قیمت پر دفاع کرے گا۔ ڈوزیئر میں پہلگام فالس فلیگ کے بعد بھارتی میڈیا اور را سے منسلک سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی پاکستان مخالف منظم مہم اور فیک نیوز کے ناقابل تردید شواہد پیش کیے گئے ہیں۔ ڈوزیئر میں پاکستان کی جانب سے بھارت کو پہلگام واقعہ کی شفاف تحقیقات کیلئے مخلصانہ کاوشوں کا بھی ذکر ہے۔ بھارتی جارحیت اور بزدلانہ حملے میں معصوم پاکستانی بچے، عورتیں اور شہری شہید ہوئے۔ آپریشن بنیان مرصوص نے بھارت کو دھول چٹا دی اور بھارتی عزائم کو خاک میں ملا دیا۔ پاکستان نے بھارتی جارحیت کے جواب میں صرف بھارتی ملڑی ٹارگٹس کو نشانہ بنایا۔ صرف ان بھارتی ٹارگٹس کو نشانہ بنایا گیا جہاں سے نہتے اور معصوم پاکستانیوں پر حملے کیے گئے۔ ڈوزیئر میں بھارتی نقصانات کی تفصیل ناقابل تردید شواہد کے ساتھ پیش کی گئی ہے۔ سفارتی ماہرین نے کہا کہ پاکستان نے مکمل شواہد کے ساتھ ڈوزیئر جاری کر کے سفارتی محاذ پر بھی کامیابی حاصل کر لی ہے۔ دوسری جانب معرکہ حق کے حوالے سے 27 منٹ 51 سیکنڈ دورانیے کی ایک سنسنی خیز اور حقائق پر مبنی دستاویزی فلم جاری کر دی گئی۔ رپورٹ کے مطابق "معرکہ حق " 27 منٹ 51 سیکنڈ پر مشتمل جامع اور معلوماتی دستاویزی فلم ہے جو مستند حقائق پر مبنی ہے۔ یہ فلم نہ صرف ہندوستان کے پہلگام فالس فلیگ آپریشن کو بے نقاب کرتی ہے بلکہ پاکستان کی جرات مندانہ عسکری کارروائی معرکہ حق کی جھلک بھی پیش کرتی ہے۔ ایک ایسا تاریخی لمحہ جس نے جنوبی ایشیا کے جیو سٹریٹیجک توازن کو یکسر تبدیل کر دیا یہ فلم ناقابلِ تردید شواہد کے ذریعے ثابت کرتی ہے کہ پہلگام کا واقعہ بھارتی بیانیے کی بنیاد پر سچائی کی کسوٹی پر پورا نہیں اترتا۔ ایک ایسا جواب جس نے بھارتی جارحانہ عزائم اور جنگی جنون کو واضح پیغام دیا، ڈاکومینٹری میں سیاسی اور عسکری قیادت کی بر وقت فیصلہ سازی کو بھی اجاگر کیا گیا ہے۔ دستاویزی فلم میں پاکستانی عوام کی افواج پاکستان کے ساتھ بھرپور حمایت اور بہادری کو بھی خراج تحسین پیش کیا گیا ہے۔
معرکہ حق: تاریخی فتح، بھارتی جھوٹ بے نقاب کرنے کیلئے پاکستانی ڈوزیئر جاری
May 19, 2025