کوئٹہ‘ قلعہ عبداللہ (نوائے وقت رپورٹ‘ نیٹ نیوز) قلعہ عبداللہ میں دھماکا ہوا جس سے 4افراد شہید اور 20 زخمی ہوگئے اور تین مختلف فائرنگ کے واقعات میں 5افراد کو قتل کردیا گیا۔ کوئٹہ میں سریاب روڈ پر حجام کی دکان میں فائرنگ کے واقعہ میں دو حجام قتل ہو گئے۔ پولیس کے مطابق فائرنگ کرنے والے افراد فرار ہو گئے۔ بلوچستان میں قلعہ عبداللہ کے گلستان بازار میں جبار مارکیٹ کے قریب دھماکہ ہو گیا۔ لیویز ذرائع کے مطابق دھماکے میں 4 افراد شہید ہو گئے اور 20 افراد زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ دھماکہ اتنا شدید تھا کہ جبار مارکیٹ کی متعدد دکانیں گر گئیں اور کئی دکانوں میں آگ لگ گئی۔ دھماکہ ریموٹ کنٹرول تھا۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر قلعہ عبداللہ ریاض خان کے مطابق دھماکے میں چار افراد شہید ہو گئے۔ دھماکہ ایف سی قلعہ کے قریب ہوا۔ دھماکے سے متعدد گاڑیاں اور دکانیں تباہ ہوئیں۔ دہشت گرد بظاہر ایف سی قلعہ کی دیوار کو اڑانا چاہتے تھے۔ ایف سی قلعہ کی عقبی دیوار کے ساتھ مارکیٹ بھی ہے۔ دھماکے کے بعد مسلح افراد اور ایف سی اہلکاروں میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ بلوچستان کے ضلع پنجگور میں فائرنگ کے دو الگ الگ واقعات میں تین افراد جاں بحق ہو گئے۔ پنجگور کے ڈپٹی کمشنر زاہد لانگو نے بتایا کہ دو افراد کو پنجگور کے علاقے گومازین میں گولیاں مار کر قتل کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ فائرنگ کا دوسرا واقعہ زاندیان داز کے علاقے میں پیش آیا جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ نعشوں کو ٹیچنگ ہسپتال پنجگور منتقل کیا گیا جہاں ضابطے کی کارروائی کے بعد انہیں ورثا کے حوالے کردیا گیا ہے۔
قلعہ عبداللہ میں دھماکہ، فائرنگ کا تبادلہ، 4 افراد شہید، 20 زخمی، کئی دکانیں تباہ
May 19, 2025