لاہور (خصوصی نامہ نگار) بادشاہی مسجد لاہور میں پاک فوج کے ساتھ اظہار یکجہتی معرکہ حق بنیان مرصوص کی تاریخی کامیابی پر یوم تشکر منایا گیا۔ جس کی صدارت چیئرمین مرکزی رؤیت ہلال کمیٹی مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد نے کی اور مہمان خصوصی سیکرٹری و چیف ایڈمنسٹریٹر مذہبی امور اوقاف پنجاب ڈاکٹر سید طاہر رضا بخاری تھے۔ مفتی فتح محمد راشدی، قاضی عبدالغفار قادری، حافظ کاظم رضا نقوی، علامہ نعیم بادشاہ، مولانا احسان اللہ تبسم، علامہ محمد رشید ترابی، علامہ سجاد حسین جوادی، مفتی محمد شفیق اعوان، پیر ولی اللہ شاہ بخاری و دیگر علماء کرام نے بھی شرکت کی۔ مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ وطن عزیز پاکستان اللہ تعالیٰ کی نعمت عظمیٰ ہے، جو اسلام اور کلمہ طیبہ کی بنیاد پر معرض وجود میں آیا۔ بھارتی جارحیت کے خلاف معرکہ حق بنیان مرصوص کی تاریخی کامیابی پر ہم اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہیں۔ پاک فوج ہمارا فخر ہے۔ افواج پاکستان اور پاک فضائیہ کے جوانوں نے ہمارے ازلی دشمن بھارت کو دندان شکن جواب دے کر پوری قوم اور امت مسلمہ کے دل جیت لئے۔ جنرل عاصم منیر نے دشمن کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کر دیا اور بھارت کو سبق سکھایا ہے۔ ڈاکٹر سید طاہر رضا بخاری نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے اپنی لازوال اور بے مثال قربانیاں پیش کیں۔ پاک فضائیہ کے شاہینوں نے دشمن کے چودہ طبق روشن کردیئے۔ مودی قصاب دنیا میں رسوا ہوگیا۔
بھارت کو دندان شکن جواب ملا، مودی رسوا ہوا، بادشاہی مسجد میں یوم تشکر کی تقریب
May 19, 2025