لاہور سمیت ملک میں شدید گرمی، اسلام آباد بارش، خیبر پی کے میں آندھی طوفان، 3 افراد جاں بحق

May 19, 2025

لاہور+ اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ ایجنسیاں) لاہور سمیت ملک بھر میں سورج آگ برساتا رہا۔  محکمہ موسمیات کے مطابق آج اور کل درجہ حرارت میں نمایاں اضافہ متوقع ہے جبکہ 20 مئی تک درجہ حرارت معمول سے 4 سے 7 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ہے۔ لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 43 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کے امکانات ظاہر کیے جا رہے ہیں۔ آئندہ دو سے تین روز تک موسم مزید گرم اور خشک رہے گا جبکہ بارش کا کوئی امکان نہیں۔ محکمہ موسمیات نے گلگت بلتستان، بالائی خیبر پختونخوا، کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں بھی چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان بھی ظاہر کیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کوئٹہ میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 39 اور قلات میں 34 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ زیارت میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 28 اور ژوب میں 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔ گزشتہ روز جیکب آباد میں پارہ 50 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ کئی شہری بے ہوش ہو گئے جبکہ شہر کی سڑکیں اور مارکیٹیں سنسان ہو چکی ہیں اور لوگ گھروں تک محدود ہو کر رہ گئے۔ بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور ٹرپنگ کرنے پر عوام نے سیپکو حکام کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ لوڈشیڈنگ کا دورانیہ کم کر کے عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے۔ دریں اثناء گزشتہ شام اسلام آباد راولپنڈی اور گردونواح میں تیز ہواؤں کے بعد بارش ہوئی جس کے بعد جڑواں شہروں کا موسم خوشگوار ہو گیا۔ خیبر پی کے کے شہروں پشاور‘ نوشہرہ‘ چارسدہ اور دیگر اضلاع میں آندھی اور طوفان کے باعث حادثات میں بچے سمیت تین افراد جاں بحق اور 12 زخمی ہو گئے۔ ریسکیو حکام کے مطابق طوفان کے باعث افغان کالونی‘ اسد انور کالونی‘ رانو گھڑی میں چھت و دیواریں گر گئیں۔ سول کوارٹرز‘ بیگم شہاب الدین گرلز سکول کے قریب درخت گر گئے۔ رانو گھڑی میں خانہ بدوش کا 6 سالہ بچہ دیوار گرنے سے جاں بحق ہو گیا۔

مزیدخبریں