اسلام آباد (نیٹ نیوز، خبرنگار) فری اینڈ فیئر الیکشن نیٹ ورک ( فافن ) کے مطابق پاکستان کی 166 میں سے صرف 58 سیاسی جماعتوں کی ویب سائٹس جزوی یا مکمل طور پر فعال ہیں۔ فری اینڈ فیئر الیکشن نیٹ ورک ( فافن ) نے سیاسی جماعتوں کی ویب سائٹس کی رپورٹ جاری کردی، جس کے مطابق پاکستان کی صرف 35 فیصد سیاسی جماعتوں کی ویب سائٹس فعال ہیں۔ رپورٹ کے مطابق 166 میں سے صرف 58 سیاسی جماعتوں کی ویب سائٹس جزوی یا مکمل طور پر فعال ہیں، جبکہ پارلیمنٹ میں موجود 20 میں سے 14 پارٹیوں کی ویب سائٹس فعال ہیں۔ فافن کی رپورٹ کے مطابق بیشتر جماعتیں آئینی تقاضوں کے برخلاف ویب سائٹس پر معلومات فراہم نہیں کرتیں۔ صرف 40 جماعتوں نے مرکزی عہدیداران کی فہرست شائع کی جبکہ صرف 6 جماعتوں نے ایگزیکٹو کمیٹی اراکین کی تفصیلات دیں۔ فافن کے مطابق سوشل میڈیا ویب سائٹس کا متبادل نہیں، اور مالی شفافیت سب سے کم رپورٹ ہونے والا شعبہ ہے۔ فافن کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ صرف ایک جماعت نے مالی گوشوارے شائع کیے جبکہ کسی ویب سائٹ پر امیدواروں کے انتخاب کا طریقہ شامل نہیں اور نہ ہی کسی ویب سائٹ پر جنرل کونسل کی تفصیلات دستیاب ہیں۔ جماعت اسلامی کی ویب سائٹ سب سے معلوماتی قرار دی گئی جبکہ پی ٹی آئی کی ویب سائٹ وی پی این کے ذریعے ہی قابل رسائی ہے۔
166میں سے صرف 58سیاسی جماعتوں کی ویب سائٹس فعال ہیں: فافن
May 19, 2025