غزہ: مزید 125 فلسطینی شہید، جنگ بندی مذاکرات پھر شروع

May 19, 2025

غزہ، تل ابیب (این این آئی) اتوار کو صبح سویرے غزہ پر صہیونی فورسز کی بمباری سے مزید 125 فلسطینی شہید ہوگئے اور جنگی جرائم میں ملوث نیتن یاہو کی فورسز نے غزہ کے نام نہاد سیف زون المواسی میں بھی بمباری کی۔ شہداء میں تین صحافی بھی شامل ہیں۔ قطری نشریاتی ادارے کے مطابق یہ شدید حملے ایسے وقت میں ہو رہے ہیں، جب اسرائیل غزہ پر ایک نئے زمینی حملے کی تیاری کر رہا ہے، اور قطر میں حماس کے ساتھ جنگ بندی کے مذاکرات دوبارہ شروع کر چکا ہے۔ اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ اس نے جنوبی لبنان میں ہفتہ کے روز ایک حزب اللہ کمانڈر کو مار ڈالا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فوج نے جنگ بندی کے بعد بھی اپنے حملے وقتاً فوقتاً جاری رکھے ہیں۔ حماس کے وفد نے اپنے مذاکرات میں پیش کردہ موقف کا خاکہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ جنگ کے مکمل خاتمے کی ضرورت ہے، قیدیوں کی رہائی ضروری ہے اور ساتھ ہی ساتھ اسرائیل کی فوج کا غزہ سے انخلا اور انسانی بنیادوں پر امداد و خوراک کی غزہ میں تقسیم ہمارے بنیادی امور ہیں جن پر ہم بات کر رہے ہیں۔ غزہ میں اسرائیلی فوج کی طرف سے حماس کے مسلح ونگ القسام کے نئے کمانڈر شہید حماس سربراہ یحییٰ سنوار کے بھائی محمد السنوار کو نشانہ بنانے کے لیے کی گئی کارروائی کے کئی دنوں کی بے یقینی اور غیریقینی خبروں کے بعد اب یہ بات واضح ہو چکی ہے کہ خان یونس میں اسرائیل کے فضائی حملے میں حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈ کے کمانڈر محمد السنوار شہید ہو چکے ہیں۔ سعودی ذرائع ابلاغ العربیہ اور الحدث کے مطابق محمد السنوار کی لاش جنوبی غزہ کے شہر خان یونس میں ایک سرنگ سے ملی ہے، جہاں ان کے دس ساتھیوں کی لاشیں بھی برآمد ہوئیں۔ ذرائع کے مطابق محمد السنوار گذشتہ دنوں خان یونس کے مشرق میں یورپی ہسپتال کے قریب اسرائیل کے شدید فضائی حملے میں نشانہ بنے۔ اسی حملے میں رفح بریگیڈ کے کمانڈر محمد شبانہ بھی مارے گئے۔

مزیدخبریں