لاہور(نیوزرپورٹر)پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر محمد الفرید ظفر نے کہا وزیر اعلیٰ مریم نواز کی ہیلتھ سیکٹر ڈویلپمنٹ پالیسی پر عملدرآمد کرتے ہوئے لاہور جنرل ہسپتال میں شعبہ ’’اورل اینڈ میکسیلو فشل‘‘ میں مریضوں کا علاج شروع کر دیا گیا۔ اس نئے شعبے کے آغاز سے ایل جی ایچ میں چہرے کے کینسر اور بناؤٹی نقائص کے علاج معالجہ کی بڑی اور جدید سہولت دستیاب ہو گی۔ ہسپتال میں حادثات کے زخمیوں کو ایمرجنسی میں لایا جا تا ہے جہاں قبل ازیں ٹوٹے جبڑے اور چہرے کی ہڈیوں کے علاج کیلئے دیگر ٹیچنگ ہسپتالوں میں ریفر کیا جاتا تھا تاہم اب مذکورہ مریضوں کو اس مشکل سے نجات مل گئی ہے اس امر کا اعلان پروفیسر الفرید ظفر نے کیا۔ اس موقع پر ایم ایس ڈاکٹر فریاد حسین، پروفیسر ارغمان اسرار مرزا، ڈاکٹر محمد الیاس، ڈاکٹر عامر ایوب، ڈاکٹر عبدالعزیز و ہیلتھ پروفیشنلز بھی موجود تھے۔ پروفیسر ارمغان اسرار مرزا نے بتایا کہ 20بستروں پر مشتمل وارڈ قائم کی گئی ہے جبکہ ہفتے میں 2 دن پیر اور جمعرات آؤٹ ڈور میں مریضوں کو طبی معائنہ و علاج کی سہولیات دستیاب ہوگی۔
جنرل ہسپتال میں شعبہ ’’اورل اینڈ میکسیلو فشل‘‘ میں مریضوں کا علاج شروع
May 19, 2025