دبئی پولیس چیف نے پاکستان کے پولیس انسپکٹر کو خصوصی ایوارڈ سے نواز دیا

May 19, 2025

لاہور(نامہ نگار)پنجاب پولیس سپیشل آپریشنز سیل کی بیرون ملک مفرور خطرناک اشتہاری مجرمان کی گرفتاری میں نمایاں کارکردگی کی بناء پر ورلڈ پولیس سمٹ نے پنجاب پولیس سپیشل آپریشنز سیل کی خدمات کے اعتراف میں دبئی پولیس چیف لیفٹیننٹ جنرل عبداللہ خلیفہ عبید المری نے انچارج سپیشل آپریشنز سیل انسپکٹر خالد وریاہ کو خصوصی ایوارڈ سے نوازا۔ دبئی پولیس چیف نے سنگین جرائم میں مطلوب مجرموں کی گرفتاری میں اعلی کارکردگی پر انسپکٹر خالد وریاہ کی بھرپور حوصلہ افزائی کی۔ دبئی پولیس چیف نے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی کیلئے پنجاب اور دبئی پولیس کے درمیان بہترین کوارڈینیشن اور دو طرفہ باہمی تعاون موجود ہے۔ سنگین جرائم کا ارتکاب کرکے یو اے ای و دیگر ممالک میں مفرور مجرمان کی گرفتاری میں پیشہ ورانہ مہارت پر پنجاب پولیس کی کارکردگی کو سراہتے ہیں۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ ورلڈ ٹریڈ سنٹر دبئی میں منعقدہ ورلڈ پولیس سمٹ 2025ء تقریب میں پنجاب پولیس کے 3 افسران کو ایوارڈز سے نوازا گیا۔پنجاب پولیس سپیشل آپریشنز سیل کے ذریعے گذشتہ 2 سال میں سنگین جرائم کے مرتکب بیرون ملک مفرور 269 اشتہاریوں کو گرفتار کرکے پاکستان لایا گیا۔

مزیدخبریں