پاکستان سپر لیگ: لاہور قلندرز پلے آف مرحلہ میں پہنچ گئے، پشاور زلمی آؤٹ

May 19, 2025

لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان سپر لیگ سیزن 10 کے 29 ویں میچ میں لاہور قلندرز کی ٹیم پشاور زلمی کو 25رنز سے ہرا کر پلے آف مرحلہ میںپہنچ گئی۔راولپنڈی میں کھیلا گیا میچ آندھی اور بارش کے باعث تاخیر سے شروع ہوا اور میچ کو 13 اوور تک محدود کردیا گیا۔ پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔لاہور قلندرز نے مقررہ 13 اوورز میں 8 وکٹوں پر 149 رنز بنائے۔ فخر زمان نے 60، محمد نعیم نے 22، آصف علی نے 18 اور کوشال پریرا نے17 رنز بنائے۔ احمد دانیال، علی رضا اور ڈینیئل سیمز نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔جواب میں پشاور زلمی کی ٹیم 8وکٹوں پر 123رنز بناسکی ۔ صائم ایوب 8‘محمد حارث 8‘کپتان بابر اعظم 16‘میکس برائنٹ صفر ‘معاذ صداقت 4‘عبد الصمد17‘لیوک ووڈ 24رنز بناکر آئوٹ ہوئے ۔ ڈینئل سیمز 26اور محمد علی چار رنز پر ناٹ آئوٹ رہے ۔ سلمان مرزا نے چار ‘شاہین آفریدی نے دو ‘سکندر رضا اور حارث رئوف نے ایک ایک وکٹ حاصل کی ۔پشاور زلمی کی ٹیم پلے آف مرحلہ سے باہر ہوگئی ۔  28 ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد ملتان سلطانز کو 2 وکٹوں سے شکست دیدی۔فاتح ٹیم نے پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن حاصل کرلی ۔ملتان سلطانز کی ٹیم بد ترین کاکردگی کی وجہ سے آخری نمبر پر رہی ۔ راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں ملتان سلطانز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کیخلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور 7 وکٹوں کے نقصان پر 185 رنز بنائے۔ اننگز کا آغاز کپتان محمد رضوان اور یاسر خان نے کیا تاہم محمد رضوان 4 رنز کے مہمان ثابت ہوئے، اوپنر یاسر خان 45 اور طیب طاہر 36 رنز کیساتھ نمایاں رہے۔جہانزیب سلطان 25‘ہمایوں الطاف 16‘پیٹر ایک ‘شاہد عزیز 29رنز بناکر آئوٹ ہوئے ۔ عثمان طارق نے 3 ، فہیم اشرف، خرم شہزاد، ابرار احمد اور محمد وسیم نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ہدف آخری گیند پر حاصل کرلیا ۔ حسن نواز نے 67 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جبکہ خواجہ نافع 51 رنز کیساتھ نمایاں رہے۔کپتان سعود شکیل 18‘آوشکا فرنینڈو سات ‘دنیش چندی مل سترہ ‘دانش عزیز صفر ‘فہیم اشرف سولہ ‘محمد وسیم ایک اور ابرار احمد دو رنز بناکر آئوٹ ہوئے ۔ شاہد عزیز نے 3 جبکہ محمد حسنین، عبید شاہ اور پیٹر ہٹزوگلونے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔حسن نواز کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔ پی ایس ایل کا 30واں میچ آج اسلام آ باد یونائٹیڈ اور کراچی کنگز کے درمیان کھیلا جائیگا۔ میچ رات 8بجے پنڈی سٹیڈیم راولپنڈی میں کھیلا جائیگا۔ دونوں ٹیمیں پہلے ہی پے آف مرحلہ کیلئے کوالیفائی کرچکی ہیں ۔ 

مزیدخبریں