پاکستان‘ میانمار کے درمیان ایشین کپ کوالیفائرز کا شیڈول تبدیل

May 19, 2025

لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان اور میانمار نے باہمی مشاورت سے اے ایف سی ایشین کپ کوالیفائرز کے ہوم اینڈ اوے میچز کا شیڈول تبدیل کرنے پر اتفاق کرلیا ہے۔ اس فیصلے کے حوالے سے فیفا اور ایشین فٹبال کنفیڈریشن سے مشاورت مکمل کر لی گئی ہے،نئے طے شدہ فارمیٹ کے مطابق پاکستان اب کوالیفائر کا پہلا میچ 10 جون کو میانمار میں کھیلے گا، جبکہ دوسرا اور فیصلہ کن میچ پاکستان میں منعقد ہوگا، جس کا باضابطہ اعلان اے ایف سی کی منظوری کے بعد کیا جائیگا۔یہ فیصلہ پاکستان فٹبال فیڈریشن کے آئندہ تاریخی انتخابات کے پیش نظر کیا گیا ہے، جو 27 مئی کو ہونے جا رہے ہیں۔ یہ انتخابات پاکستانی فٹبال میں ایک نئے دور کا آغاز ثابت ہونے کی توقع ہے۔معاملے سے قریبی تعلق رکھنے والے حکام کا کہنا ہے کہ نئی فٹبال قیادت کو بین الاقوامی میچ جیسے بڑے ایونٹ کی تیاری کے لیے مناسب وقت اور واضح سمت دینا نہایت ضروری ہے۔ پی ایف ایف کے ایک ذریعے کے مطابق بین الاقوامی میچز ایک دن کے معاملات نہیں ہوتے۔ ان کے لیے مہینوں پہلے سے باریک بینی سے منصوبہ بندی، ہم آہنگی، اور شفاف ٹائم لائنز درکار ہوتی ہیں۔

مزیدخبریں