ڈالر کی اونچی اڑان نے معیشت کو تباہی کے دہانے پہنچا دیا : تاجران
ملتان (نمائندہ خصوصی) مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے مرکزی چیئرمین خواجہ سلیمان صدیقی ، جنوبی پنجاب کے صدرشیخ جاوید اختر،ضلعی صدر جعفر علی شاہ اور سٹی صدر خالد محمود قریشی غلہ منڈی ملتان کے صدر راجہ مدثر، چیئر مین جنوبی پنجاب جاوید اخترخان، سنیئر نائب صدر جنوبی پنجاب حاجی ندیم قریشی، جنرل سیکرٹری ملتان مرزا نعیم بیگ، چوک شہیداں اکبر روڈ کے صدرشیخ محمد شفیق نے کہا ہے کہ ڈالر کی آسمانوں تک پہنچی اڑان نے ملکی معیشت کو تباہی کے دہانے پر لاکھڑا کیا ہے ڈالر کی قیمت میں اضافے اور روپے کی قدر و قیمت ختم ہونے سے براہ راست لاکھوں چھوٹے تاجر اور عام غریب شہری متاثر ہو رہے ہیں اور مارکیٹس، بازاروں میں ویرانی کا سماں ہے لیکن پرانا پاکستان کو ٹھیک کرنے کے دعویداروں کو اس کی کوئی پرواہ ہی نہیں ہے خواجہ سلیمان صدیقی نے مزید کہا کہ میاں شہباز شریف قوم کو بتائیں کہ ملکی معیشت کی بدحالی کو خوشحالی میں بدلنے کے لئے جو دھواں دھار دعوے کئے تھے وہ کہاں گئے رہی سہی کسر بجلی و گیس کی بڑھتی ہوئی لوڈشیڈنگ نے معیشت کا پہیہ جام کرکے رکھ دیا ہے جبکہ بجلی، گیس،آٹا، گھی، چینی، ڈیزل، برائلر سمیت اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ بڑھتا ہی جارہا ہے جس کی وجہ سے چھوٹے تاجروں کی کمر ٹوٹ کر رہ گئی ہے تو عام غریب شہری کی کیاحالت ہو گی۔