نئے الیکشن کا فیصلہ عمران نہیں قائدین نے کرنا ہے : مولانا فضل الرحمان

بورے والا (نامہ نگار)مرکزی علماء کونسل پاکستان کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے چیئرمین مولانا زاہد محمود قاسمی کی قیادت میں حکمران اتحاد کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے اسلام آباد میں انکی رہائش گاہ پر ملاقات کی وفد میں مرکزی وائس چیئرمین پیرجی خالد محمود قاسمی، جنرل سیکرٹری مولانا شاہ نواز فاروقی، سینئر صوبائی نائب صدر پنجاب حافظ محمد ابوسفیان حنفی، جنرل سیکرٹری حافظ مقبول احمد اور صاحبزادہ حسین احمد قاسمی شامل تھے۔ چیئرمین مرکزی علماء کونسل پاکستان مولانا زاہد محمود قاسمی اور دیگر قائدین نے مولانا فضل الرحمان کی سیاسی و ملی خدمات کو سراہتے ہوئے ملک کی موجودہ سیاسی و مذہبی صورتحال اور مذہبی جماعتوں کی آئندہ کی حکمت عملی بارے تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے حکمران اتحاد کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ نئے الیکشن کب ہونگے اسکا فیصلہ عمران خان نے نہیں بلکہ موجودہ حکومت کی حلیف جماعتوں کے قائدین نے کرنا ہے ۔