نیا ناظم آباد رمضان کپ: پورٹ قاسم نے کسٹمز کو 8 وکٹوں سے شکست دیدی
کراچی (اسپورٹس رپورٹر)نیا ناظم آباد رمضان کپ کے گروپ مرحلے کے میچ میں تابش خان اور محمد طلحہ کی تباہ کن باؤلنگ کے سبب پورٹ قاسم اتھارٹی نے پاکستان کسٹمز کو 8 وکٹوں سے آؤٹ کلاس کردیا، کسٹمز کی ٹیم صرف 52 رنز بناسکی۔ پاکستان کرنسی نے عالمگیر جیمخانہ کو 45 رنز سے مات دی۔ اسٹیٹ بینک، پاکستان کرنسی ، پورٹ قاسم اتھارٹی، سوئی گیس اور کے الیکٹرک نے کوارٹر فائنل مرحلے میں جگہ پکی کرلی۔ٹاس جیت پر پہلے کھیلتے ہوئے پاکستان کسٹمز کی بیٹنگ لائین پورٹ قاسم کے فاسٹ بولرز تابش خان اور محمد طلحہ کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئی، پہلی وکٹ 4 رنز پر گنوانے کے بعد کسٹمز کی آدھی ٹیم صرف 15 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ یاسر حسین نے ۱۱ رنز کی اننگز کھیلی اور دہرے ہندسے میں پہنچنے والے واحد بیٹسمین رہے۔ کسٹمز کی پوری ٹیم 12 ویں اوور میں صرف 52 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ تابش خان نے 20 رنز دے کر 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ محمد طلحہ نے 3وکٹیں حاصل کیں۔ آسان ہدف کے تعاقب میں پورٹ قاسم کو ابتدا ہی میں دونوں اوپنرز کا نقصان ہوا۔ آندھی کے باعث کھیل کچھ دیر کے لئے رکا، جس کے بعد پورٹ قاسم اتھارٹی نے 7ویں اوور میں فتح سمیٹ لی۔ طابش خان میچ کے بہترین کھلاڑی بنے۔ گروپ ڈی میں دو مقابلے جیت کر پورٹ قاسم کے 4 پوائنٹس ہیں جبکہ پاکستان کسٹمز کو دو شکستوں کا سامنا ہوا ہے۔ اس گروپ میں سوئی سدرن گیس کمپنی کی ٹیم نے بھی دو میچ کھیل کر دو فتوحات حاصل کر رکھی ہیں۔دوسرے میچ میں پاکستان کرنسی نے عالمگیر جیمخانہ کے خلاف دھواں دار آغاز کیا اور تیسرے ہی اوور میں پچاس رنز بنا لئے۔ اوپنر یاسر ملک کے آؤٹ ہونے کے بعد بسم اللہ خان حریف باؤلرز پر ٹوٹ پڑے، صرف 15 گیندوں پر نصف سنچری اسکور کی اور 52 رنز بنا کر آوٹ ہوئے۔ پاکستان کرنسی کی ٹیم آخری اوور میں 200رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔جواب میں اعظم خان کے سوا عالمگیر جیمخانہ کا کوئی بلے باز وکٹ پر ذیادہ دیر قیام نہ کرسکا، پوری ٹیم ہدف سے 45 رنز کی دوری پر ہمت ہار گئی، اور مسلسل تیسری ناکامی کا سامنا کیا۔ اعظم خان نے 58 رنز جوڑے، آخری اوورز میں نبیل ہاشمی نے چار چھکوں کی مدد سے تیز رفتار 32 رنز بنائے۔ بسم اللہ خان کو میچ کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز ملا۔ ٹورنامنٹ میں آج مصباح الحق کی صائمہ گروپ کا مقابلہ آغا اسٹیٹ سے ہوگا جبکہ عمر ایسوسی ایٹ اور پاکستان ایئر فورس دوسرے میچ میں مدمقابل ہوں گے۔اتوار کے روز کے کے پینتھرز، پاکستان کسٹمز، نیشنل بینک اور کے الیکٹرک کی ٹیمیں ایکشن میں نظر آئیں گی۔