یونین سے ذاتی اختلافات نہیں‘ ادارے کی بھلائی کے اقدامات پر تنازعہ پیدا ہوا: ڈائریکٹر ریکوری
ملتان (نامہ نگار خصوصی) ڈائریکٹر ریکوری واسا میاں عبدالغفور نے کہا کہ واسا کی آمدنی کا تمام تر انحصار سیوریج اور واٹر سپلائی کے ماہانہ بلوں کی وصولی پر ہے۔ ادارے کی بہتری کیلئے منیجنگ ڈائریکٹر واسا رائو محمد قاسم کی زیرنگرانی ریکوری ڈائریکٹوریٹ سمیت دیگر تمام شعبہ پبلک سروس ڈیلیوری کو بہتر کرنے کیلئے دن رات محنت کر رہے ہیں اور اس کی واضح مثال شعبہ ریکوری کو واسا بلوں کی وصولی کی مد میں دیئے جانے والے ماہانہ ٹارگٹ کا حصول ہے۔ شعبہ ریکوری میں خصوصی اقدامات کی بدولت ماہانہ بلوں کی مد میں آمدنی کا حجم سوا دو کروڑ روپے سے بڑھ کر سوا تین کروڑ روپے ماہانہ تک پہنچ چکا ہے اور اس ٹارگٹ میں مزید اضافے کیلئے بھی پلان تیار کرکے اس پر عملدرآمد شروع کر دیا گیا ہے جس کے تحت واسا کے ریگولر بنیادوں پر بل ادا کرنے والے صارفین کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔ گزشتہ 3سے4 ماہ میں 25000 نئے صارفین کو واسا کے بلنگ نیٹ ورک میں شامل کیا گیا ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار واسا ہیڈ آفس شمس آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈپٹی ڈائریکٹر ریکوری منصور احمد بھی اس موقع پر موجود تھے۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ میرا غازی یونین (سی بی اے) کے ساتھ کوئی ذاتی ایشونہیں ہے صرف ادارے کی بھلائی اور ریکوری میں اضافہ کیلئے کیے جانے والے اقدامات کے باعث تنازعہ پیدا ہوا ہے جس کا منیجنگ ڈائرکٹر واسا نے نوٹس لے لیا ہے اور اس ایشو کو جلد احسن طریقے سے حل کیا جائے گا۔