القدس کو ظالموں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جاسکتا ، کوئی مسلمانوں کو حقوق پلیٹ میں رکھ کر نہیں دیگا : ترک صدر
استنبول (آئی این پی ) فلسطین کی موجودہ صورتحال پر تنظیم تعاون اسلامی (اوآئی سی)کا غیر معمولی اجلاس ہوا جس کی صدارت ترک صدررجب طیب اردوان نے کی اور پاکستان کی نمائندگی وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کی ۔ رجب طیب اردگان کی زیرصدارت استنبول میں ہونے والے اہم اجلاس میں اٹھارہ ممالک کے سربراہان سمیت اڑتالیس اسلامی ملکوں کے نمائند وں نے شرکت کی ۔پاکستان کی نمائندگی وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کی۔ ترکی کے صدر طیب اردوان نے اجلاس کے افتتاحی خطاب میں فلسطینیوں کے قتل عام کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل ایک دہشت گرد ریاست ہے۔ امریکی سفارت خانے کی بیت المقدس منتقلی عالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے۔انہوں نے کہاکہ مسلمان جب تک خود اپنے حقوق حاصل نہیں کریں گے کوئی ان کویہ حقوق پلیٹ میں رکھ کرنہیں دے گاصدر ایردوان نے استنبول میں اسلامی تعاون تنظیم کے غیر معمولی اجلاس کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ " القدس کا تحفظ امن اور انسانیت کا تحفظ ہے۔ انہوں نے کہا کہ القدس کا مسئلہ پورے عالم اسلام کا مسئلہ ہے۔انہوں نے کہا کہ القدس کو ظالموں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جاسکتا ۔ انہوں نے کہا کہ اپنا سفارت خانے کو القدس منتقل کرتے ہوئے علاقے میں خونریزی کا بازار گرم کرنے والے ملک امریکہ کے ہاتھ بھی معصوم فلسطینیوں کے خون سے رنگے ہوئے ہیں۔ دریں اثناء رجب طیب اردوان نے کہاہے کہ القدس کے امتحان میں صرف عالمِ اسلام ہی نہیں پوری انسانیت ناکام رہی ہے،اگر ہم اپنے پہلے قبلے کوتحفظ فراہم نہیں کرسکتے تو پھرآخری قبلے کے تحفظ پر کس طرح مطمئن ہوسکتے ہیں- جمعہ کو استنبول میں اوآئی سی کے اجلاس سے قبل ترک رضاکار انہ فاونڈیشن کے زیر اہتمام اسرائیل کے خلاف اور فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یک جہتی کر نے کے لئے ہونے والی ریلی جس میں پانچ لاکھ سے زائد افراد نے شرکت کی سے خطاب کرتے ہوئے صدر ا یردوان نے کہا کہ القدس صرف ایک شہر ہی نہیں ہے ، ایک علامت، ایک امتحان اور قبلہ ہے۔اگر ہم اپنے پہلے قبلے کو تحفظ فراہم نہیں کرسکتے تو پھر مستقبل میں آخری قبلے کے تحفظ پر کس طرح مطمئن ہوسکتے ہیں۔ 1967ء میں القدس پر قبضے پر خاموشی اختیار کرنے والی اقوام متحدہ ، اسرائیل کے غیر اخلاقی، غیر قانونی اور بے ضمیری پر خاموش اختیار کرتے ہوئے دراصل اس ظلم و ستم میں برابر کی شریک ہے۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے استنبول میں او آئی سی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی فلسطین میں اسرائیلی مظالم کی آزادانہ تحقیقات کرائی جائے مقبوضہ کشمیر کے عوام بھی 70 سال سے بھارتی مظالم کا شکار ہیں۔