پاکستان اور سربیا میں سفارتی تعلقات کے 70 سال مکمل ہونے پر تقریبات
اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)پاکستان اور مشرقی یوروپ کے ملک سربیا کے درمیان سفارتی تعلقات کے 70سال مکمل ہوگئے ہیں، دونوں ممالک نے 1948ء میں سفارتی تعلقات قائم کئے تھے۔ دفتر خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے اس موقع کی مناسبت سے بلغراد میں پاکستانی سفارتخانے نے بہت سے پروگرام طے کئے ہیں جن میں ثقافتی میلہ، سربیا کی کرکٹ ٹیم کے لئے پاکستان کرکٹ بورڈ کی طرف سے تربیت کا اہتمام، دونوں ممالک کے ستر سالہ تعلقات کی اہم دستاویزات کی نمائش اور پاکستانی مصنوعات و آموں کی سربیا میں نمائش شامل ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات باہمی احترام اور بین الاقوامی فورموں پر ایک دوسرے کی حمایت پر مبنی ہیں۔