سابق فرانسیسی صدر کا قرآن پاک میں تحریف کا مطالبہ جاہلانہ ہے: عاکف سعید
لاہور (خصوصی نامہ نگار)فرانس کے سابق صدرکا قرآن میں تحریف کا مطالبہ جاہلانہ ہے ، اسلام دشمنوں کی اس کوشش کا جواب یہ ہے کہ ہم اپنا تعلق قرآن سے زیادہ سے زیادہ مضبوط کریں۔ یہ بات تنظیم اسلامی کے امیر حافظ عاکف سعید نے کہی ۔ انہوں نے فرانس کے اخبار Daily Le Parisienکی اس خبر پرکہ فرانس کے سابق صدر اور وزیر اعظم سمیت 300سیاستدانوں اور دانشوروں نے مطالبہ کیا ہے کہ چونکہ قرآن کے بعض حصے یہود مخالف تعلیمات پر مشتمل ہیں اس لیے انہیں نکال دیا جائے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ایسا مطالبہ ان افراد کی قرآن اور اسلامی تاریخ سے لاعلمی کی بناء پر ہے ۔ اس سے پہلے بھی مغرب نے ایسی کئی کوششیں کی ہیں لیکن ہر کوشش ناکامی سے دوچار ہوئی کیونکہ قرآن کی حفاظت کا ذمہ اللہ نے خود لیا ہے ۔ انہوں نے فلسطین میں اسرائیلی افواج کے ظلم و ستم پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کو یہ جرأت صرف اس وجہ سے ہوئی کہ تمام مسلمان ممالک باہمی انتشار اور کشیدگی کا شکار ہیں ۔