اردگان کا ٹیلیفونک رابطہ: مشرق وسطیٰ میں مسلمانوں کا قتل عام قبول نہیں: پوپ فرانسس
استنبول (اے پی پی) ترکی کے صدر رجب طیب اردگان نے کیتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا پاپائے روم فرانسس سے ٹیلیفون پر بات چیت کی جس میں القدس کی تازہ صورت حال اور فلسطینی مظاہرین کے خلاف اسرائیلی بربریت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ترک نشریاتی ادارے نے صدارتی ذرائع کے حوالے سے خبر دیتے ہوئے بتایا کہ صدر اردگان نے پاپائے روم سے کہا کہ القدس 3 آفاقی مذاہب کے لیے مقدس ہے کہ جہاں نہتے فلسطینیوں پر اسرائیلی فوج کے حملے شرمناک عمل ہیں۔ اس موقع پر پاپائے روم نے بھی کہا کہ القدس کی حیثیت کو خصوصی اہمیت دینے کی ضرورت ہے جبکہ بحالی امن کے لیے خطے میں دو ریاستی نظریے پر مبنی سیاسی حل ناگزیر ہے۔ مسلمانوں کا مشرق وسطی میں قتل عام ناقابل قبول ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ عالمی برادری اس تنازعے کے سیاسی حل کیلئے اقوام متحدہ کی زیر نگرانی اقدام اٹھائے۔