کراچی میں عبدالستار ایدھی سٹیڈیم کو انٹرنیشنل معیار کا بنانے کا فیصلہ
لاہور (نمائندہ سپورٹس +سپورٹس رپورٹر) کراچی میں نیشنل کرکٹ سٹیڈیم کے بعد ہاکی سٹیڈیم کو بنانے کی تیاری شروع کر دی گئی۔ سندھ حکومت نے عبدالستار ایدھی سٹیڈیم کو انٹرنیشنل معیار کا بنانے کا فیصلہ کر لیا۔وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کرکٹ کے بعد ہاکی میں بھی دلچسپی لے رہے ہیں۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر بریگیڈیئر(ر)خالد سجاد کھوکھر اور وزیر اعلیٰ سندھ کے درمیان رابطہ ہوا۔ عبدالستار ہاکی سٹیڈیم کو دوبارہ نئے سرے سے تعمیر کیا جائیگا۔انٹرنیشنل معیار کا سٹیڈیم بنانے کیلئے نقشہ بھی تیار کر لیا گیا ہے۔ سٹیڈیم میں تماشائیوں کی گنجائش بڑھا کر 35 ہزار ہو جائے گی۔ دو ڈیجیٹل سکرینز ، جدید فلڈ لائٹس ود ہیوی جنریٹرز نصب ہونگی۔ چالیس کمروں کا ہاسٹل ، انٹرنیشل معیار کا سوئمنگ پول اور جم بھی بنایا جائیگا۔ آفس بلاک ، چینجنگ رومز ، امپائرز و میچ آفیشلز رومز سمیت میڈیا باکسز بھی نئے بنیں گے۔