حکومت کا قو می اسمبلی اجلاس 30مئی تک جاری رکھنے کا فیصلہ
اسلام آباد(محمد نواز رضا/ وقائع نگار خصوصی) باخبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے وفاقی حکومت نے قومی اسمبلی کا اجلاس 31مئی 2018ء تک جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس دوران قومی اسمبلی سے 30ویں آئینی ترمیم منظور کرانے کی کوشش کی جائے گی۔ وفاقی وزیر پارلیمانی امور شیخ آفتاب نے نوائے وقت سے گفتگو کرتے ہوئے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ وفاقی حکومت قومی اسمبلی تحلیل ہونے تک اجلاس جاری رکھے گی۔ ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) کی اعلی قیادت فاٹا کے خیبر پختونخوا میں انضمام کے لئے آئینی ترمیم منظور کرانے کے لئے سنجیدہ ہے۔ اس سلسلے میں پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف کی قیادت سے مذاکرات کئے جارہے ہیں۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی ترکی سے واپسی کے بعد اپوزیشن جماعتوں سے فیصلہ کن مذاکرات کریں گے۔قومی اسمبلی کا اجلاس جمعہ کو بجٹ کی منظوری کے بعد غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کیا جانا تھا لیکن وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے ترکی روانگی سے قبل قومی اسمبلی کا اجلاس جاری رکھنے کی ہدایت کرگئے۔وفاقی حکومت 31 مئی 2018ء تک قومی اسمبلی کو ’’حالت تحرک‘‘ میں رکھنا چاہتی ہے۔