چینی وفد فلم ’’کاف کنگناں‘‘ کی شوٹنگ دیکھنے سیٹ پر پہنچ گیا
لاہور(کلچرل رپورٹر) چینی وفد ہدایتکار خلیل الرحمن قمر کی فلم ’’کاف کنگناں‘‘کی شوٹنگ دیکھنے سیٹ پر پہنچ گیا۔ مذکورہ فلم کی شوٹنگ گزشتہ روز مال روڈ پر واقع مقامی فائیو سٹار ہوٹل میں ہوئی جہاں اس وقت دلچسپ صورت حال پیدا ہوگئی جب پاکستان کے دورے پرآئے ہوئے چینی وفد نے نہ صرف فلم کی شوٹنگ دیکھی بلکہ پورے وفد نے اداکارہ ایشل فیاض کے ساتھ تصاویر بھی بنوائیں۔ چینی وفد کا کہنا تھا کہ وہ چین میں پاکستانی فلمیں دیکھنے کا خواہش مند ہیں۔ اس موقع پر سمیع خان پر بارش کا ایک سین فلمبند کیا گیا۔ فلم کی شوٹنگ تسلسل سے لاہور کے مختلف مقامات پر جاری ہے جس میں سمیع خان، ایشل فیاض، عائشہ عمر اور شفقت چیمہ سمیت دیگر فنکارحصہ لے رہے ہیں۔ بتایاگیا ہے کہ یہ 1947ء کی ایک ایسی کہانی ہے جس کی تکمیل 2018 میں ہوگی۔